• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

عوامی خدمت کے حامل پیغامات کو زیادہ جگہ دینے والے میڈیا اداروں کو ایوارڈ دینگے، صدر علوی

اسلام آباد(نمائندہ جنگ)صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے جمہوریت کے تحفظ کیلئے ذرائع ابلاغ کی جدوجہد کو سراہتے ہوئے میڈیا پر زور دیا ہے کہ وہ صحت سے متعلق اور سماجی مسائل کو اجاگر کرنے میں فعال کردار ادا کرے۔ عوامی خدمت کے حامل پیغامات کو زیادہ سے جگہ دینے والے میڈیا اداروں کو ایوارڈ دینگے۔ جبکہ وزیر اطلاعات فواد چوہدری ہم میڈیا کی ترقی چاہتے ہیں اور میڈیا کےمسائل حل کرنےکے لیے پرعزم ہیں، امریکا میں کوئی ٹرمپ سے آکر نہیں کہتا کہ نیویارک ٹائمز اور واشنگٹن پوسٹ کو چلانے کیلئے اشتہار دیں۔ ن لیگ کی ترجمان مریم اورنگزیب نے کہا کہ میڈیا کے کمزور اور اس کی آواز بند ہونے سے سب سے زیادہ نقصان حکومت کو ہی ہوگا۔ یہ بات انہوں نے جمعہ کو کونسل آف پاکستان نیوز پیپرز ایڈیٹرز (سی پی این ای) کے زیر اہتمام پاکستان میڈیا کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ کنونشن میں سی پی این ای کے صدر عارف نظامی، جنرل سیکرٹری عبدالجبار خٹک اور میڈیا کی صنعت سے وابستہ ممتاز شخصیات نے شرکت کی۔ صدر مملکت عارف علوی نےکہا کہ سماجی مسائل کے بارے میں عوامی خدمت کے حامل پیغامات کو زیادہ سے زیادہ جگہ دینے والے میڈیا اداروں کو ایوارڈز دینے کا بھی عندیہ دیا۔ میڈیا کو درپیش مالیاتی بحران کے بارے میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے امید ظاہر کی کہ قومی معیشت میں بہتری سے میڈیا کے شعبہ میں بھی معاشی طور پر بہتری آئے گی تاہم پرنٹ میڈیا کو ڈیجیٹل اور سوشل میڈیا جیسے چیلنجوں سے نبرد آزما ہوتے ہوئے ابھرنا ہوگا۔ وزیراطلاعات فوادچوہدری نے تقریب سے خطاب کرتےہوئے کہاکہ میڈیا کو مستحکم معاشی ماڈل بنانے کی ضرورت ہے، ہم میڈیا کی ترقی چاہتے ہیں اور میڈیا کےمسائل حل کرنےکے لیے پرعزم ہیں۔اٹھاون فیصد اخراجات صوبوں کو دینے کے بعد وفاق سب کے اخراجات کیسے پورے کرے،وفاق نے ہی سب کچھ دیکھنا ہے تو این ایف سی اور اٹھارہویں ترمیم کو دیکھنا پڑے گا۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ میڈیا اس وقت تک آزاد نہیں ہوسکتا جب تک اس میں حکومت کا مفاد موجود ہے۔میڈیا کو ایک مستحکم معاشی ماڈل بنانے کی ضرورت ہے تاکہ وہ حکومت پر انحصار نہ کرسکیں۔فواد چوہدری نے امریکا کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ امریکا میں کوئی ٹرمپ کو آکر نہیں کہتا کہ نیویارک ٹائمز اور واشنگٹن پوسٹ کو پرنٹ کرنے کے لیے اشتہارات کی ضرورت ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ ٹیکنالوجی میں نئی جہتوں کی بات کا مقصدکسی کی حوصلہ شکنی نہیں، تمام میڈیا کو ڈیجیٹلائز ہونا پڑےگا۔ بدلتے وقت کے ساتھ میڈیا کو خود میں تبدیلی لانا ضرروی ہے۔پاکستان مسلم لیگ ن کی ترجمان مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ جمہوریت اور میڈیا کا آپس میں گہرا اور قریبی تعلق ہے موجودہ حکومت اگر یہ سمجھتی ہے کہ وہ میڈیا کی آواز بند کرکے اپنی حکومت کو طاقتور بنا سکتی ہے تو یہ ان کی خوش فہمی ہےمیڈیا کے کمزور اور اس کی آواز بند ہونے سے سب سے زیادہ نقصان حکومت کو ہی ہو گامالکان اور میڈیا کو بائی ڈیزائن تقسیم اور کنٹرول کیا جارہا ہےمیڈیا کو معاشی طور پر تباہ کرنا اسے کنٹرول کرنے کی ناکام کوشش ہےمیڈیا اور میڈیا کارکنان نے مشکل کے ہر دور کا بہادری سے مقابلہ کیا ہے اور جمہوریت کے ساتھ کھڑے رہے ہیں میڈیا موجودہ حکومت کے آمرانہ رویہ کا بھی مقابلہ کررہاہےپاکستان کی تاریخ میں آمر کے دور میں اخبارات خالی چھپتے تھے مگر آج کی طرح کبھی بند نہیں ہوئے حکومت اگرسمجھتی ہے کہ وہ میڈیا کو کمزور کرکے خود طاقتور ہوجائے گی تو یہ اس کی خوش فہمی ہےاپوزیشن نے میڈیا کی موجودہ صورتحال پر ہر فورم پر بات کی ہے اور آئندہ بھی کرتی رہے گی۔

تازہ ترین