• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اکرام سہگل کے الیکٹرک کے نئے چیئرمین ہوگئے

کراچی(اسٹاف رپورٹر ) کے الیکٹرک کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کی جانب سے اکرام سہگل کو نیا چیئر مین منتخب کرلیاگیا ہے جس کا اطلاق فوری طور پر ہوگا اس سے قبل چیئر مین کے الیکٹرک کے عہدے پر طیب ترین فائز تھے جو کہ جمعے کو مستعفی ہوگئے ہیں چالیس سال سے زائد کا روباری تجربہ رکھنے والے اکرام سہگل پاتھ فائنڈر گروپ پاکستان کے چیئر مین ہیں۔50سے زائد ٹائونز اور پاکستان کے مختلف شہروں میں موجود کئی ہزار کارکنان اس ادارے سے منسلک ہیں۔افواج پاکستان میں خدمات کی انجام دہی کے دوران اکرام سہگل تاریخ میں پاکستان کے پہلے PW تھے جو بھارتی PWکیمپ سے نکلنے میں کامیاب رہے۔ کمرشل پائلٹ لائسنس کے حامل اکرام سہگل نے 1977میں اپنے کاروبارکی بھی بنیاد رکھی۔وہ کئی کتابوں کے مصنف بھی ہیں جن میں Escape from Oblivion نامی کتاب کو 2012میں اوکسفورڈ یونیورسٹی پریس نے شائع کیا۔ کئی اداروں کے بورڈز کے ساتھ منسلک رہنے والے اکرام سہگل بینک الفلاح میں بھی16سال تک خدمات انجام دے چکے ہیں۔وہ ورلڈ اکنامک فورم(ڈبلیوای ایف) کے بانی رکن ہونے کے علاوہ امریکی فرم ایسٹ ویسٹ انسٹیٹیوٹ(ای ڈبلیو آئی) کے پچھلے9 سال سے ڈائریکٹر ہیں۔ اکرام سہگل کراچی کونسل آن فارن ریلیشز (کے سی ایف آر) کے چیئرمین اور کونسل آف پاکستان نیوز پیپر ایڈیٹرز (سی پی این ای) کے نائب صدر بھی ہیں۔وہ پچھلے 18سال سے ڈیوس(Davos) میں ہونے والے ڈبلیو ای ایف کے سالانہ اجلاس میں مشہور پاکستان بریک فاسٹ کا انعقاد کرتے ہیں۔
تازہ ترین