• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

صدارتی ایوارڈ یافتہ اداکار گلاب چانڈیو طویل علالت کے بعد انتقال کرگئے

نوابشاہ/کراچی(بیورو رپورٹ/اسٹاف رپورٹر) سندھی اور اردو ڈراموں کے ممتاز اداکار گلاب چانڈیو طویل علالت کے باعث انتقال کرگئے ان کی نماز جنازہ ہفتہ کو نواب شاہ کے قریبی گاؤں سائیں بخش چانڈیو میں ادا کی جائے گی۔گلاب چانڈیو 6 جنوری 1958ء میں نواب شاہ کے قریب گاؤں شہمیر چانڈیو میں پیدا ہوئے ۔بعد ازاں انہوں نے اداکاری کے شعبے میں اپنا نام کمایا ۔پاکستان سمیت دنیا بھر میں ان کے بڑی تعداد میں مداح تھے ۔اس سلسلے میں گلاب چانڈیو کے بیٹے شہروز چانڈیو نے بتایا کہ گلاب چانڈیو شوگر کے مرض میں مبتلا اور کراچی کے نجی اسپتال میں زیر علاج تھے جہاں ان کا انتقال ہوگیا ان کی میت نواب شاہ لائی جائے گی، جہاں ان کے آبائی گاؤں سائیں بخش چانڈیو میں گیارہ بجے صبح نماز جنازہ اور تدفین ہوگی۔ اداکار گلاب چانڈیو نے سندھی اور اردو ڈراموں میں بہترین اداکاری کا مظاہرہ کیا، جس پر حکومت پاکستان کی جانب سے انہیں14 اگست 2015ء میں صدارتی ایوارڈ برائے حسن کارکردگی سے نوازا گیا تھا۔گلاب چانڈیو کی عمر 61 سال تھی انہوں نے سوگوارن میں دو بیٹے اور تین بیٹیاں چھوڑی ہیں۔گلاب چانڈیو کے مشہور ڈراموں جن میں چاند گرہن،نوری جام تماچی، دیواریں، رانی،مٹی کے آدمی سمیت تین سو سے زائد ڈراموں میں اور چھ فلموں میں اداکاری کے جوہر دکھائے۔
تازہ ترین