• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ملک و ملت کی ضرورت آئین و قانون کی بالا دستی ہے،لیاقت بلوچ

لاہور(نمائندہ خصو صی)سیکرٹری جنرل جماعت اسلامی پاکستان و سابق پارلیمانی لیڈر لیاقت بلوچ نے کہا ہے کہ نئے چیف جسٹس آف پاکستان آصف سعید کھوسہ کا بیانیہ بڑا ہی دلکش اور عدالتی دائرہ کار کے مطابق ہے جس میں تمام خرابیوں اور ضرورتوں کو بڑی خوبی سے بیان کردیا ہے ۔ملک و ملت کی ضرورت آئین و قانون کی بالا دستی اور عوام کو بروقت اور سہل انصاف دینا ہے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے لاہور کے حلقہ پی پی 160میں عوامی مسائل کے حل اور اصلاح معاشرہ کیلئے سبز جیکٹ تحریک کے آغاز پر کارکنوں سے خطاب اور بعد ازاں میڈیا کے نمائندوں سے گفتگوکرتے ہوئے کیا۔لیاقت بلوچ نے عوامی مسائل کے حل کیلئے سبز جیکٹ تحریک کا آغاز کرنے پر احمد سلمان بلوچ و دیگر کارکنوں کو مبارک باد دی اور اس امید کا اظہار کیا کہ گلی محلے کی سطح پر عوامی ،انسانی اور بلدیاتی حقوق کے تحفظ کیلئے سبز جیکٹ تحریک نمایاں کردار ادا کرے گی۔ لیاقت بلوچ نے کہا کہ منصورہ میں علماء و مشائخ اوربلدیاتی راہنمائوں سے ملاقات کے موقع پر گفتگوکرتے ہوئے کہا ہے کہ ملک بحرانوں میں گھرا ہوا ہے ۔ ملک دشمن قوتیں پاکستان کو غیر مستحکم کرنے کیلئے ہر حربہ استعمال کررہی ہیں جبکہ سیاسی و جمہوری قوتیں باہم دست بہ گریبان ہیں ۔
تازہ ترین