• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سروس سٹیشنوںاور شادی ہالوں کیخلاف آپریشن دوسرے روز بھی جاری رہا

پشاور (خصوصی نامہ نگار) واٹر اینڈ سینی ٹیشن سروسز پشاور (ڈبلیو ایس ایس پی) کا ضلعی انتظامیہ اور پولیس کی مدد سے چاروں زونز میں پانی کے غیر قانونی استعمال پر سروس سٹیشنوں، شادی ہالوں اور ہوٹلوں کے خلاف آپریشن جمعے کو دوسرے روز بھی جاری رہا جس میں 26سروس سٹیشنوں کو سربمہر کر دیا گیا جبکہ دو درجن سے زائد سروس سٹیشنوں، شادی ہالوںا ور ہوٹلوں کو نوٹس جاری کیا گیا۔ دوسرے روز آپریشن کی نگرانی جنرل منیجر آپریشنز انجینئر علی خان،زونل منیجر انجینئر فخر عالم، طارق عزیز، ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنرز سمن عباس، ہمایون خان اور نادر خان نے کی، آپریشن گلبرگ، نوتھیہ جدید، ذوالفقار ٹائون، مشتاق آباد، بھانہ ماڑی چوک، کوہاٹ روڈ، رنگ روڈ، کوٹلہ محسن خان، سرور آباد، دلہ زاک روڈ، فقیر آباد، دانش آباد، ناصر باغ روڈ اور دیگر علاقوں میں کیا گیا۔ ادھر ڈبلیو ایس ایس پی نے شہر وملحقہ علاقوں، رنگ روڈ، ناصر باغ روڈ، بورڈ،فقیر آباد، دلہ زاک روڈ، یونیورسٹی روڈ تہکال سمیت اپنی حدود میں واقع مزید سروس سٹیشنوں، ہوٹلوں اور شادی ہالوں کا سروے شروع کر دیا ہے۔ جس میں ڈبلیو ایس ایس پی کی ٹیمیں مالکان کو پانی کنکشن، زمین سے پانی نکالنے کے لئے رجسٹریشن اور این او سی کے لئے نوٹس جاری کررہی ہیں۔ نوٹس میں مالکان کو سات دنوں کے اندر اندر رجسٹریشن اور این او سی کے حصول کی ہدایت کی گئی ہے بصورت دیگر لوکل گورنمنٹ ایکٹ 2013 ء کے مختلف شیڈولز کے تحت کارروائی کی جائے گی۔ڈبلیو ایس ایس پی آپریشن کے فوکل پرسن انجینئر تراب شاہ کے مطابق آپریشن کے دوسرے مرحلے میں شادی ہالوں، ریسٹورنٹس اور ہوٹلوں کے خلاف کاروائی کی جائے گی۔
تازہ ترین