محکمہ موسمیات نے ویک اینڈ سےملک میں بارش اور برفباری کی پیشگوئی کی ہے، یہ سلسلہ ہفتے اور اتوار کی درمیانی رات شروع ہو کر بدھ تک وقفے وقفے سےجاری رہ سکتا ہے، اس دوران کراچی میں بھی ہلکی بارش ہو سکتی ہے۔
مالاکنڈ، ہزارہ، گلگت بلتستان اور کشمیر میں لینڈ سلائیڈنگ اوربرفانی تودےگرنےکا بھی خدشہ ہے۔
محکمہ موسمیات نے تمام متعلقہ اداروں کو اس حوالے سے الرٹ رہنے کی ہدایت کر دی ۔
محکمہ موسمیات کے مطابق آج رات ملک کے مغربی علاقوں میں مغربی ہواؤں کا نیاسلسلہ داخل ہو گا، جو اتوار تک ملک کے مختلف علاقوں میں پھیل جائےگا۔
ترجمان محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ اتوار سے بدھ کے دوران مالا کنڈ، ہزارہ، پشاور، مردان، کوہاٹ، راولپنڈی، گوجرانوالہ، لاہور، سرگودھا، فیصل آباد، ساہیوال، اسلام آباد، گلگت بلتستان اور کشمیر میں بارش کا امکان ہے۔
اس دوران بعض مقامات پر درمیانی اور چند مقامات پر شدید بارش بھی ہو سکتی ہے۔
سوات، چترال، کالام، مالم جبہ، اپردیر، ہزارہ ڈویژنز، مری، گلیات، گلگت بلتستان اور کشمیر میں درمیانی سے شدید برف باری کا بھی امکان ہے۔
ہفتے اور اتوار کی رات کوئٹہ، ژوب، قلات، مکران، ڈی آئی خان، بنوں، ڈی جی خان ڈویژنز میں بارش کا امکان ہے، اس دوران کراچی، حیدر آباد، سکھر، لاڑکانہ، بہاولپور، ملتان ڈویژنز میں بھی ہلکی بارش کی توقع ہے۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران کراچی میں موسم دن میں خشک اور رات میں سرد رہنے کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق شہر کا کم سے کم درجہ حرارت 13 ڈگری سینٹی گریڈریکارڈ کیا گیا، شمال مشرقی علاقوں سے ہلکی ہوائیں چل رہی ہیں، ہوا میں نمی کا تناسب 61 فیصد ہے، جبکہ صبح کے وقت کہر چھایا ہوا تھا اور اس سے حد نگاہ 3 کلو میٹر رہی۔