• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

’’ڈیموکریٹس کام پر واپس آئیں اور ڈیل کرلیں‘‘

امریکا کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ ڈیمو کریٹس سے کہا ہے کہ وہ کام پر واپس آئیں اور ڈیل کر لیں۔

ایک بیان میں امریکی صدر نے میکسیکن سرحد پر دیوار تعمیر کرنے کے تنازع پر ڈیمو کریٹس کو ڈیل کی پیش کش کر دی۔

انہوں نے کہا کہ ہر شخص جانتا ہے کہ جنوبی سرحد پر انسانی بحران کا سامنا ہے، بہت سے لوگ وہاں سے امریکا میں داخل ہونا چاہتے ہیں، اس معاملے کو سیاست سے دور رکھا جائے۔

انہوں نے مزید کہا کہ دہائیوں سے جاری یہ سلسلہ اب سنگین صورت حال اختیار کر چکا ہے، بہت سے لوگ امریکا آنا چاہتے ہیں، ان میں سے بہت سے لوگ ایسے ہیں جن کے متعلق ہم نہیں چاہتے کہ وہ امریکا آئیں۔

ٹرمپ نے کہا کہ یہ لوگ جرائم میں ملوث گروہوں سے تعلق رکھنے والے افراد ہیں جن میں منشیات اور انسانوں کے اسمگلر شامل ہیں، ہمیں اپنے ملک میں ان کی ہرگز ضرورت نہیں ہے۔

انہوں نے ڈیمو کریٹس سے کہا کہ آئیے سر جوڑ کر بیٹھیں اور اس مسئلے کا حل نکالیں، کئی ڈیموکریٹس اس حوالے سے مجھ سے متفق ہیں، رازداری میں مجھ سے کہہ چکے ہیں، لیکن ڈر کے مارے سب کے سامنے کچھ نہیں کہتے۔

امریکی صدر نے یہ بھی کہا کہ ہمیں اپنی جنوبی سرحد کو محفوظ بنانا ہوگا، اگر ہم ایسا کرنے میں ناکام رہے تو ہم سے زیادہ بے وقوف کوئی اور نہ ہوگا اور یہ افسوسناک ہوگا۔

واضح رہے کہ سرحدی دیوار کے تنازع پر امریکا میں جزوی شٹ ڈاؤن کو 28 روز ہو گئے ہیں جس کے بعد امریکا کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ڈیموکریٹس کو یہ جزوی شٹ ڈاؤن ختم کرنے کے سلسلے میں ڈیل کی پیشکش کی ہے۔

تازہ ترین