• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاک افغان تعلقات کیلئے روس،چین کو ضامن بننا ہوگا،شاہی سید

کراچی(اسٹاف رپورٹر ) عوامی نیشنل پارٹی سندھ کے تحت باچا خان اور خان عبد الولی خان کی برسیوں کی تقریبات کا آغاز باچا خان مرکز کراچی میں ہوا ، اس موقع پر صوبائی صدر شاہی سید نے کہا کہ جب تک افغانستان میں امن قائم نہیں ہوتا پاکستان میں امن کا قیام ایک خواب ہی رہے گا، دونوں ملکوں کے اندر اعتماد کے فقدان کو ختم کرنے کیلئے روس اور چائنا کو ضامن کا کردار ادا کرنا ہوگا ،انہوں نے کہا کہ پوری دنیا آج بھی حیران ہے کہ خوف و جبر کے ماحول میں با چا خان نے امن وآشتی اور بھائی چارے کا پیغام دیا ، باچا خان کی عظمت اور عدم تشدد کے فلسفے کو آج پوری دنیا سراہ رہی ہے ،ہمارے اکابرین نے روز اوّل سے تنازعات کو حل کرنے کیلئے مذاکرات کا راستہ اپنانے کی تجویز دی اور عدم تشدد کے فلسفے کا پرچار کیا ،موجودہ حکومت بغیر ڈرائیور اور بغیر بریکوں والی گاڑی ہے ، عمران خان جس دن سے سیاست میں آئے ہیں سیاسی برداشت ختم ہوچکی ہے ، ایک کروڑ نوکریاں دینے والوں نے ابتدائی چند مہینوں میں ہی ہزاروں لوگوں کو بیروز گار کردیا ہے اور معیشت کو تباہی کے دہانے پر پہنچا دیا ہے ، ہم پختون سمجھتے ہیں کہ جس کی زبان نہیں اس کا ایمان نہیں ، یو ٹرن لینے والا مدینے کی ریاست کے قیام کی بات کرے تو سمجھ سے بالا تر ہے، ہمیں الیکشن ضرور ہروایا گیا ہے لیکن ہم سیاست سے باہر نہیں ہوئے،تقریب سے حاجی اورنگزیب بونیری و دیگر نے بھی خطاب کیا ۔
تازہ ترین