• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

تین ماہ میں 18 مرتبہ ڈرونز مسافر طیاروں سے ٹکراتے ٹکراتے رہ گئے

لندن (جنگ نیوز) تین ماہ میں ڈرونز 18 مرتبہ مسافر طیاروں سے ٹکراتے ٹکراتے بچے جبکہ ہیتھرو ایئرپورٹ پر ڈرون طیارے سے 70فٹ کے قریب سے گزر گیا۔ رپورٹ کےمطابق ہیتھرو اور گیٹ وک ایئرپورٹس پر ڈرونز کی پروازوں کی وجہ سے ڈرونز کی نشاندہی اور ان کا کمیونی کیشن بلاک کرنے کیلئے ٹیکنالوجی نصب کر دی گئی ہے۔ ہیتھرو ایئرپورٹ پر حال ہی میں اے یو ڈی ایس سسٹم لگایا گیا ہے، تاکہ ڈرون کی نشان دہی کر کے اسے ٹریک کیا جائے اور اسے گرائونڈ کیا جا سکے۔ اس ٹیکنالوجی کو دہشت گردی اور جاسوسی میں استعمال ہونے والی ڈیوائسز کو روکنے کیلئے ڈیزائن کیا گیا ہے۔ اسی طرح کے آلات گیٹ وک سائوتھ ٹرمینل پر لگائے گئے ہیں۔ ہیتھرو ترجمان نے کہا کہ ہم ہمیشہ ایئرپورٹ پر کسی بھی قسم کے خطرات کی مانیٹرنگ اور ان کے تدارک کیلئے حکومت اور میٹ پولیس سے قریبی رابطہ رکھتے ہوئے کام کرتے ہیں۔ اس میں ڈرون کا غیر ذمہ دارانہ استعمال بھی شامل ہے۔ باور کیا جاتا ہےکہ گزشتہ ہفتے پروازوں کی روانگی میں ایک گھنٹے کی تاخیر کے نتیجے میں یہ سسٹم لگایا گیا ہے۔ حکومت نے بھی ڈرونز کے معاملے سے نمٹنے کیلئے پولیس کواضافی اختیارات دینے کیلئے اقدامات کا اعلان کیا ہے، ان میں ایئرپورٹس کے گرد تین کلومیٹر کے ایکسکلوژن زونز قائم کرنا بھی شامل ہے۔ ڈیوائسز اونرز کیلئے ایک نیا کومپیٹینسی ٹیسٹ بھی ہوگا۔

تازہ ترین