• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

گلگت بلتستان کے حوالے سے فیصلے پر نظرثانی کی جائے

وٹفورڈ (نمائندہ جنگ) گلگت بلتستان کے سلسلے میں دئیے گئے فیصلے پر نظرثانی کی جائے۔ ان خیالات کا اظہار وٹفورڈ کمیونٹی کے رہنما چیئرمین فورم امجد امین بوبی، سرپرست اعلیٰ چوہدری محمد افسر، سینئر نائب صدر چوہدری محمد شاہپال، عقیل حیدر، جمیل منہاس، کونسلر عمران حمید ملک و دیگر نے ایک اجلاس میں گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ کونسلر عمران حمید ملک نے کہا کہ انصاف کا تقاضا ہے کہ معاہدہ کراچی کے تحت بلتستان اور آزاد کشمیر کو ملاکر ایک ریاست قائم کی جائے۔ ریاست کے عوام کو پاکستان کے قریب لایا جائے، ان کے اعتماد کو بحال کرکے یہ دوریاں ختم کی جائیں، کشمیری عوام پاکستان کو اپنا بڑا بھائی تسلیم کرتے ہیں، ستر سالہ دوریاں ختم کی جائیں۔ چیئرمین فورم امجد امین بوبی نے کہا کہ اب جبکہ عدالت کا فیصلہ آگیا ہے تو وزیرعظمپاکستان عمران خان5فروری یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر اس فیصلے کے تحت آزاد کشمیر و گلگت بلتستان کو ایک ریاست میں شامل کرنے کا اعلان کریں، ایک مضبوط و بااختیار ریاست مسئلہ کشمیر کے حل کرنے میں اہم کردار ادا کرسکتی ہے، اس سے مقبوضہ کشمیر کے عوام کے لیے مثبت پیغام جائے گا۔ اس حوالے سے آزاد کشمیر حکومت اور گلگت بلتستان حکومت کے سرکاری وفود کو وزیراعظم پاکستان عمران خان ملاقات کرنی چاہیے تاکہ مزید مثبت اقدامات سامنے آسکیں۔ جمیل منہاس نے فیصلے پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وفاقی حکومت پر ذمہ داری ہوتی ہے کہ وہ اس فیصلے کی روشنی کے تحت آزاد کشمیر و گلگت بلتستان کے عوام کو بنیادی حقوق دے تاکہ ریاست کے عوام کے اندر احساس محرومی ختم ہو۔ چوہدری افسر سرپرست اعلیٰ نے کہا کہ حکومت پاکستان میرپور ائر پورٹ کی تعمیر اور آزاد کشمیر میں آئل اور گیس کے ذخائر کی تلاش کے لیے اپنی ذمہ داریاں سنجیدگی سے ادا کرے۔ آزاد کشمیر قدرتی وسائل سے مالا مال خطہ ہے۔ ریاست کی خوشحالی سے پاکستان کے مسائل میں کمی ہوگی۔ عقیل حیدر نے وزیراعظم آزاد کشمیر اور وزیراعظم پاکستان سے مطالبہ کیا کہ ضلع کوٹلی آزاد کشمیر کو سی پیک منصوبے کے ساتھ منسلک کیا جائے۔ یہاں کے عوام بیرون ملک میں ہیں اور خوشحال ہیں، ان کو بھی اپنے وطن میں سرمایہ کرنے کا حق دیا جائے۔ نیز ضلع کوٹلی آزاد کشمیر میں آبادی کے لحاظ سے سب سے بڑا ضلع ہے، حکومت یہاں کے لوگوں کوائر پورٹ کی سہولت دے۔
تازہ ترین