• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

گرفتارشہری ایرانی جاسوس عسکری رازوں سے با خبر تھا ، جرمنی

برلن (این این آئی)جرمنی میں وفاقی استغاثہ نے کہاہے کہ ایرانی انٹیلی جنس کے لیے جاسوسی کرنے کے شبہے میں گرفتار کیا جانے والا افغان نژاد جرمن شہری عسکری رازوں سے با خبر تھا۔جرمن اخبار کے مطابق عدالت نے جرمن فوج کی سائبر وار سے متعلق معلومات ایران کو پیش کرنے کے شبہے میں 50 سالہ ملزم کی گرفتاری کا حکم جاری کیا۔ملزم جرمنی کی افواج میں لسانی ماہر اور ثقافتی امور کے مشیر کے طور پر کام کررہا تھا۔ اسے منگل کے روز جرمنی کی مغربی ریاست میں گرفتار کیا گیا تھا۔اس سے قبل جرمن اخبار کی رپورٹ میں بتایا گیا تھا کہ ملزم کے بارے میں شْبہ ہے کہ وہ گزشتہ کئی سال سے ایران کی خفیہ سروس کے لیے جاسوسی کر رہا تھا۔ جرمن فوج میں ملازمت کی وجہ سے اس کو افغانستان میں جرمن فوجیوں کی تعیناتی سمیت انتہائی حساس معلومات تک رسائی حاصل تھی۔ جرمن فوج نے ملزم پر معلومات افشا کرنے کا شبہ 2017میں ہی کر دیا تھا تاہم سکیورٹی اداروں کی جانب سے اس معاملے پر توجہ تاخیر سے مرکوز کی گئی۔ ملزم کی کچھ عرصے کڑی نگرانی کی گئی جس کے بعد 6دسمبر کو فیڈرل پراسیکیوٹر کے دفتر کی جانب سے اس کو حراست میں لینے کے احکامات جاری کر دیے گئے۔
تازہ ترین