• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ق لیگ کے وزیر کا استعفیٰ،وزیر اعظم ہائوس متحرک، چوہدری برادران اور عمران میں آج ملاقات متوقع

لاہور(جنگ نیوز) صوبائی وزیر عمار یاسر کے استعفیٰ سے پیدا ہونے والے بحران پر پنجاب حکومت مسلم لیگ (ق) کے تحفظات دور کرنے میں میں ناکامی کے بعد وزیر اعظم ہائوس نے چوہدری برادران سے رابطہ کیا ہے، 24 گھنٹوں میں وزیر اعظم عمران خان کی چوہدری برادران سے ملاقات متوقع ہے۔ وزیر اعظم ہائوس کے مطابق چوہدری برادران کے تمام تحفظات دور کئے جائیں گے، اتحادیوں سے اختلاف ہیں نہ کوئی دوری ہے۔جبکہ چوہدری پرویز الٰہی کا کہنا ہے کہ ہمارے وزراء بھی بے اختیا ر ہیں، معاہدے پر عمل کیا جائے۔ یاد رہے گزشتہ روز وزیر اعلیٰ پنجاب اور پرویز الٰہی کی ملاقات میں مسلم لیگ ق کے تحفظات دور نہ ہو سکے، ملاقات کے دوران پرویز الٰہی شدید خفا رہے جبکہ وزیر اعلی پنجاب منانے میں ناکام رہے۔ چوہدری پرویز الٰہی نے وزیر اعلی پنجاب عثمان بزدار سے شکوہ کیا کہ اتحاد کے جو معاملات طے ہوئے ان پر تاحال عمل نہیں ہوا، مرکز اور پنجاب میں دو دو وزارتیں طے ہوئیں مگر آپ نے ابھی تک اس پر عمل نہیں کیا۔ جس پر وزیر اعلی پنجاب نے کہا یہ بات تو میرے علم میں ہی نہیں، وقت دیں وزیر اعظم سے بات کرتا ہوں۔پرویز الٰہی نے انہیں یاد دلایا کہ آپ کے والد سے میرے ذاتی تعلقات تھے لیکن پھر بھی معاملات صحیح طرح نہیں چل رہے۔ وزیر اعلی نے چوہدری پرویز الٰہی کو یقین دہانی کرائی کہ پوسٹنگ ٹرانسفرز اور انتظامی کام فوری ہونگے۔ اس پر چوہدری پرویز الٰہی نے کہا پوسٹنگ ٹرانسفر کوئی ایشو نہیں جو معاہدے ہوتے ہیں ان پر عمل ہونا چاہیے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ملکی معاملات جس طرف جارہے ہیں وہ صحیح نہیں اور صورتحال کو ٹھیک کرنا ہوگا، مہنگائی میں کمی اور معاشی معاملات ٹھیک نہ ہوئے تو پھر اتحاد اور حکومت کی دوسری چیزیں ثانوی حیثیت اختیار کر جائینگی۔ دوسری طرف وفاقی وزیراطلاعات فواد چوہدری نے کہاہے کہ ق لیگ کے تحفظات کو دور کیا جائے گا اور کوئی اتحادی چھوڑ کر نہیں جارہا۔میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فیض الحسن چوہان نے کہا کہ چوہدری پرویز الٰہی اور عثمان بزدار کی ملاقات ہوئی ہے اور مسئلہ حل ہوچکا ہے، چوہدری برادران کو علم ہےکہ کون ان کا دوست اور کون دشمن ہے،ان کا کہنا تھاکہ عمار یاسر کا معاملہ وزیراعلیٰ پنجاب سے متعلق نہیں، وہ وزیراعلیٰ پنجاب سے خود بات کرلیتے تو مسئلہ حل ہوجاتا ، عمار یاسر ہمارے ساتھی ہیں اور ہمارے ساتھ ہی رہیں گے۔ انہوں نے کہا کہ چوہدری برادران سب سے زیادہ ذہین اور زیرک سیاستدان ہیں، مخالفین کی خواہش پوری نہیں ہوگی، چوہدری برادران اس نظام کے اہم پلرز ہیں۔

تازہ ترین