• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاکستان کا فاتحانہ آغاز، جنوبی افریقا کو پہلے ون ڈے میں شکست دیدی

پورٹ الزبتھ(ٹی وی رپورٹ) پاکستان کا فاتحانہ آغاز ،جنوبی افریقا کو پہلے ون ڈے میں شکست دے دی۔پاکستان نے جنوبی افریقا کو پانچ ایک روزہ میچوں کی سیریز کے پہلے میچ میں 5 وکٹوں سے شکست دیدی۔پورٹ الزبتھ کے سینٹ جارج پارک میں کھیلے جا نے والے میچ میں پاکستان نے جنوبی افریقا کی جانب سے دیا گیا 267 رنز کا ہدف 5 وکٹوں کے نقصان پر آخری اوور میں حاصل کیا۔پاکستان کی جانب سے اننگز کا آغاز امام الحق اور فخر زمان نے کیا لیکن 45 کے مجموعی اسکور پر فخر زمان 25 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئے۔فخر زمان کے بعد بابر اعظم وکٹ پر آئے اور انہوں نے امام الحق کے ساتھ مل کر ٹیم کے اسکور میں 94 قیمتی رنز کا اضافہ کیا۔ بابر اعظم 49 رنز بنا کر ہینڈرکس کی گیند پر بولڈ ہو گئے۔امام الحق بھی 86 رنز کی اچھی اننگز کھیلنے کے بعد اولیوئیر کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوئے۔ ان کی اننگز میں 5 چوکے اور 2 چھکے بھی شامل تھے۔قومی ٹیم کے تجربہ کار بلے باز شعیب ملک 12 رنز بنا کر پھیلوکوایو کی گیند پر بولڈ ہو گئے۔شعیب ملک کے آؤٹ ہونے کے بعد پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان سرفراز احمد وکٹ پر آئے تو گرین شرٹس کو جیت کے لیے 49 رنز درکار تھے لیکن سرفراز احمد غیر ذمہ داری کا مظاہرہ کرتے ہوئے صرف ایک رن بنا کر عمران طاہر کی گیند پر ایل بی ڈبلیو آؤٹ ہو گئے۔قبل ازیں جنوبی افریقا کی جانب سے اننگز کا آغاز ہاشم آملہ اور ہینڈرکس نے کیا اور دونوں نے اپنی ٹیم کو 82 رنز کا شاندار آغاز فراہم کیا اور ہینڈرکس 45 رنز بنا کر شاداب خان کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوئے۔ہینڈرکس کے آؤٹ ہونے کے بعد ہاشم آملہ اور وین ڈر ڈوسن نے پاکستانی بولرز کا جم کر مقابلہ کیا اور دونوں کھلاڑیوں کے درمیان 155 رنز کی شراکت قائم ہوئی۔اپنا پہلا میچ کھیلنے والے ڈوسن 93 رنز بنا کر حسن علی کی گیند پر شاداب خان کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہو گئے۔دوسری جانب ہاشم آملہ نے شاندار بلے بازی کا سلسلہ جاری رکھا اور ون ڈے کیرئیر میں اپنی 27 ویں سنچری اسکور کی اور 108 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔قومی ٹیم سرفراز احمد کی قیادت میں جنوبی افریقا سے ٹیسٹ سیریز کا بدلنے لینے کے لیے پرعزم ہے۔ٹاس کے بعد گفتگو کرتے ہوئے کپتان سرفراز احمد کا کہنا تھا کہ پورٹ الزبتھ میں کوئی میچ نہیں ہارے، امید ہے آج بھی جیتیں گے۔انہوں نے کہا کہ ٹیسٹ سیریز میں جو ہوا اسے بھلا کر ون ڈے میں اچھا پرفارم کریں گے۔جب کہ پروٹیز کپتان فاف ڈوپلیسی کا کہنا تھا کہ ٹیسٹ سیریز میں کامیابی کے بعد کھلاڑی پر اعتماد ہیں، پاکستان ون ڈے کی اچھی سائیڈ ہے اور امید ہے اچھا مقابلہ ہوگا۔  

تازہ ترین