• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پیراگون اسکینڈل، خواجہ برادران کے جسمانی ریمانڈ میں مزید 7 روز توسیع

لاہور (نمائندہ جنگ) احتساب عدالت لاہور نے پیراگون ہاؤسنگ سوسائٹی اسکینڈل میں گرفتار مسلم لیگ (ن) کے رہنمائوں خواجہ سعد رفیق اور سلمان رفیق کے جسمانی ریمانڈ میں مزید 7 روز کی توسیع کردی۔ علاوہ ازیں احتساب عدالت نے خواجہ سعد رفیق کا 7 روزہ راہداری ریمانڈ منظور کر لیا۔گزشتہ روز نیب کی ٹیم دونوں بھائیوں کو سخت سکیورٹی میں عدالت لائی۔ احتساب عدالت کے جج سید نجم الحسن نے کیس کی سماعت کی تو نیب کے وکیل نے عدالت سے استدعا کی کہ بینک اکاؤنٹس سے متعلق تفتیش مکمل کرنے کیلئے مزید جسمانی ریمانڈ دیا جائے۔خواجہ برادران کے وکیل نے کہا کہ ابھی تک تفتیش میں کوئی پیشرفت نہیں ہوئی۔ پیراگون سے خواجہ برادران کا کوئی تعلق نہیں لہٰذا جسمانی ریمانڈ کی ضرورت نہیں۔ نیب کے پاس خواجہ سعد رفیق کا کوئی اکاؤنٹ نہیں جسکی تفتیش ہوسکے۔ پیراگون سمیت جو بھی لین دین ہوئی اس کا ریکارڈ موجود ہے۔عدالت نے وکلاء کے دلائل سننے کے بعد نیب کی جسمانی ریمانڈ کی درخواست پر فیصلہ محفوظ کیا جو تھوڑی دیر بعد سناتے ہوئے خواجہ برادران کا مزید 7 روز کا جسمانی ریمانڈ منظور کرلیا اور نیب کو دونوں ملزمان کو 26 جنوری کو پیش کرنے کا حکم دیا ہے۔علاوہ ازیں احتساب عدالت نے خواجہ سعد رفیق کا 7 روزہ راہداری ریمانڈ منظور کر لیا۔نیب پراسیکیوٹر نے عدالت کو بتایا کہ اسمبلی اجلاس میں شرکت کیلئے خواجہ سعد رفیق کے پروڈکشن آڈر زاسپیکر قومی اسمبلی نے جاری کیےہیںاور 20جنوری تا 26 جنوری تک راہداری ریمانڈ دیا جائے۔ عدالت نے 7روزہ راہداری ریمانڈ دیدیا ۔ احتساب عدالت نے نندی پور پاور پراجیکٹ کیس میں گرفتار تمام ملزمان کے مزید 15 روزہ جوڈیشل ریمانڈ میں توسیع کر دی جبکہ این آئی سی ایل کرپشن کیس میں ملوث ملزم ایاز خان سمیت دیگر ملزمان کے خلاف کیس کی سماعت 30جنوری تک ملتوی کر دی ۔احتساب عدالت نے نیشنل ہائی وے اتھارٹی میں 6 کروڑ روپے کی مبینہ کرپشن کیس میں 6ملزمان کے جوڈیشل ریمانڈ میں مزید 15 روزکی توسیع کر تے ہوئے 4 فروری کو دوبارہ پیشی کا حکم دے دیا۔ عدالت نے گجرات پولیس 70 کروڑ روپے کرپشن اسکینڈل کیس میں گرفتار سابق ڈی پی او گجرات رائے اعجاز سمیت 4ملزمان کے جوڈیشل ریمانڈ میں مزید 15روز کی توسیع کر دی ۔
تازہ ترین