• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

18؍ویں ترمیم کے خاتمے کی کوشش، پیپلزپارٹی سامنے کھڑی ہو جائیگی، مرتضیٰ وہاب

کراچی ( اسٹاف رپورٹر) ترجمان سندھ حکومت اور وزیر اعلیٰ سندھ کے مشیر برائے اطلاعات و قانون اور اینٹی کرپشن بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا ہے کہ 18؍ویں ترمیم صوبائی خود مختاری کے استحکام کی ضامن ہے، ترمیم کے خاتمے کی کوششوں کے سامنے پیپلزپارٹی کھڑی ہو جائیگی، صوبائی خود مختاری پر کوئی سمجھوتا نہیں کرینگے اور اپنا مقدمہ سپریم کورٹ لیکر جائینگے، ناکام حکومت اٹھارویں ترمیم کے پیچھے پڑی ہے، جے آئی ٹی الف لیلیٰ کی کہانی ہے، 18؍ویں ترمیم کو رول بیک کرنے کی تمام کاوشیں ناکام بنادی جائینگی۔ ہفتے کوسندھ اسمبلی بلڈنگ میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ سندھ حکومت نے کراچی میں قائم صحت کے تین اداروں جن میں جناح اسپتال، قومی ادارہ امراض قلب اور نیشنل انسٹیٹیوٹ آف چائلڈ ہیلتھ کو سپریم کورٹ کی جانب سے وفاق کے حوالے کیے جانے کے فیصلے کیخلاف نظر ثانی کی درخواست دائر کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔ صحت کے ان تینوں مراکز کے متعلق تمام اختیارات صوبائی حکومت کو اٹھارویں آئینی ترمیم کے تحت منتقل کئے گئے تھے۔ بیرسٹر مرتضیٰ وہا ب کا کہنا تھا کہ صوبائی حکومت کو منتقلی سے قبل ادارہ برائے امراض قلب کا کل بجٹ 400 ملین روپیہ تھا جبکہ اسکا موجودہ بجٹ 12 ارب روپیہ تک پہنچ چکا ہے۔
تازہ ترین