• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ٹرمپ نے فوجی طیارہ نہیں دیا، نینسی پیلوسی کا دورہ افغانستان ملتوی

واشنگٹن(جنگ نیوز/ایجنسیاں )امریکی صدر کی جانب سے امریکی ایوان نمائندگان اسپیکر کیلئے فوجی طیارہ نہیں دیا گیا جس کے باعث نینسی پیلوسی کو دورہ افغانستان ملتوی کرنا پڑ ا ہے۔دوسری جانب پیلوسی نےالزام عائد کیا ہے کہ ڈونلڈ ٹرمپ نے دورے کی تفصیلات افشا کر کے افغانستان میں موجود امریکی فوجیوں اور شہریوں کی زندگیوں کو خطرے میں ڈال دیا ہے۔امریکی صدر نے نینسی پیلوسی کی فوجی طیارے میں سفر کی درخواست منسوخ ہونے پر کمرشل طیارے میں سفر پر زور دیا تھا،وائٹ ہائوس کی جانب سے نینسی پیلوسی کے بیان کی تردید کی گئی ہے ۔تفصیلات کے مطابق کانگریس کی اسپیکر نینسی پیلوسی نے فوجی طیارے میں سفر کی درخواست منسوخ ہونے پر کمرشل طیارے کے ذریعے دورہ افغانستان ملتوی کردیا۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور کانگریس کی اسپیکر نینسی پیلوسی کے درمیان میکسیکو بارڈر پر دیوار کی تعمیر کے معاملے پر گزشتہ ایک ماہ سے کشیدگی چل رہی ہے۔اسپیکر نینسی پیلوسی نے الزام عائد کیاہے کہ امریکی صدر سے دورہ افغانستان کیلئے فوجی طیارے کی درخواست دی تھی جسے ڈونلڈ ٹرمپ نے منسوخ کرتے ہوئے مسافر طیارے میں سفر کرنے پر زور دیا۔نینسی پیلوسی نے ٹرمپ انتظامیہ پر الزام لگایا کہ امریکی صدر اور ان کی ٹیم نے دورہ افغانستان سے متعلق تفصیلات آشکار کرکے جنگ زدہ ملک میں موجود امریکی فوجیوں اور شہریوں کو خطرے میں ڈال دیا۔ نینسی کے مطابق اسٹیٹ ڈپارٹمنٹ نے یہ کہا تھا کہ دورے کے دوران اس بات کا خیال رکھا جائے کہ قانون سازوں اور سیکیورٹی اہلکاروں کی زندگیاں خطرے میں نہ پڑیں۔دوسری جانب وائٹ ہائوس نے سپیکر نینسی پیلوسی کا بیان رد کر دیا۔صدرٹرمپ نے دیوار کے لیے فنڈز مختص کیے بغیر بجٹ پر دستخط سے انکار کردیا اور ملک آج حکومتی شٹ ڈاؤن کا شکار ہے، شٹ ڈاؤن کی وجہ سے 8 لاکھ سرکاری ملازمین بغیر تنخواہ کام کرنے پر مجبور ہیں۔واضح رہے کہ میکسیکو کی سرحد پر دیوار کی تعمیر کے معاملے پر امریکا میں جزوی شٹ ڈان کو 28 روز ہوچکے ہیں اور صدر ٹرمپ نے حکومت کی جزوی بندش کی ذمہ داری ایوان نمائندگان کی اسپیکر اور اس کے اراکین پر عائد کی ہے۔دو روز قبل ایک تقریر میں ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا تھا کہ ایوانِ نمائندگان اور سینیٹ میں متعدد ڈیموکریٹ سمجھوتہ کرنا چاہتے ہیں لیکن نینسی پلوسی انھیں مذاکرات سے روک دیتی ہیں۔انہوں نے کہا کہ دیوار سرحدی سیکورٹی کے لیے بہت ضروری ہے، اگر ڈیموکریٹس نے اس کے لیے بجٹ کی منظوری نہ دی تو حکومتی شٹ ڈائون جاری رہے گا۔

تازہ ترین