• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ٹیم مینجمنٹ نظر نہیں آتی ، ٹی ٹوئنٹی ، ون ڈے کیلئے ہم اچھے ،شعیب اختر

کراچی(جنگ نیوز)سابق فاسٹ باؤلر شعیب اختر نے جیو نیوز کی خصوصی اسپورٹس ٹرانسمیشن میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستانی ٹیم ٹی ٹوئنٹی اور ون ڈے کیلئے اچھی ہے، سرفراز احمد کے پاس ورلڈکپ سے قبل انہیں ٹیم میں درست کمبی نیشن ڈھونڈنا ہوگا،جنوبی افریقا کیخلاف پہلے ون ڈے میچ میں شان مسعود کو نہ کھلانا حیرت انگیز تھا، شان مسعود اچھی فارم میں ہے ٹیم انتظامیہ کو اس کی اچھی فارم سے فائدہ اٹھانا چاہئے تھا، پاکستان کرکٹ ٹیم کی مینجمنٹ نظر نہیں آرہی ہے۔خصوصی نشریات میں سینئر اسپورٹس صحافی عبدالماجد بھٹی، یحییٰ حسینی اور عالیہ رشید کے ساتھ سابق ٹیسٹ کرکٹ سکندر بخت بھی شریک تھے۔ شعیب اختر کا کہنا تھا کہ کوچ اور کپتان کو ساتھ بیٹھ کر ورلڈکپ کیلئے آئندہ تیس کھلاڑیوں کا پول بنانا ہوگا، سرفراز احمد کو اب کپتان بن کر فیصلے لینا ہوں گے، رضوان کو بطور کیپر نہیں کھلاسکتے تو بطور بیٹسمین کھلانا چاہئے، رضوان کپتان کی جگہ پر آرہا ہے اگر وہ پرفارم کرگیا تو کپتان باہر بیٹھ جائے گا، سرفراز احمد کو آخری ٹیسٹ میچ میں باوقار انداز سے ریٹائرمنٹ لے لینی چاہئے تھی کیونکہ وہ اس کا آخری ٹیسٹ میچ تھا، وہ ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی پر فوکس کرتا اور کھلاڑیوں سے بات کرتا۔سینئر اسپورٹس صحافی عبدالماجد بھٹی نے کہا کہ اچھے آغاز کے باوجود جنوبی افریقا کو زیادہ رنز کرنے سے روکنا پاکستانی باؤلرز کی کامیابی تھی، پاکستانی ٹیم ورلڈکپ کی تیاری کیلئے جارہی ہے اس کیلئے کھلاڑیوں کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا، پاکستان کرکٹ بورڈ کے پاس بڑے نام ہیں اسے اب ڈرائیونگ سیٹ پر آنا پڑے گا، ایسا لگ رہا ہے کہ کرکٹ بورڈ پیچھے چھپ رہا ہے، عبدالحفیظ کاردار کہتے تھے کہ ٹیم الیون کپتان کو سلیکٹ کرنی چاہئے اور کپتان کو ڈکٹیٹر ہونا چاہئے، انضمام الحق بھی بطور کپتان ڈکٹیٹر تھے پھر سرفراز احمد کو یہ رول کیوں نہیں دے رہے۔سابق ٹیسٹ کرکٹر سکندر بخت نے کہا کہ پاکستانی باؤلنگ اچھی رہی مگر اسے آؤٹ اسٹینڈنگ نہیں کہا جاسکتا ہے۔سینئر اسپورٹس صحافی یحییٰ حسینی نے کہا کہ جنوبی افریقا کیخلاف پہلے ون ڈے میں ٹیم سلیکشن حیران کن تھی، فہیم اشرف کو نئی گیند دیدی گئی حالانکہ اس نے آج تک صرف ایک دفعہ نئی گیند سے بال کی ہے، شاہین آفریدی کو باہر بٹھادیا گیا جو نیوزی لینڈ سیریز کے بہترین باؤلر تھے، پاکستان کو اپنے فرنٹ لائن باؤلرز سے اٹیک کرنا چاہئے تھا لیکن ہم نے پہلے ہی ہتھیار ڈال دیئے، سمجھ سے باہر ہے کہ ہم جیتنا نہیں چاہ رہے یہ ڈریسنگ روم میں پہلے ہی ماحول بن گیا ہے کہ کسی کی قربانی دینا اب ضروری ہوگیا ہے۔اسپورٹس صحافی عالیہ رشید نے کہا کہ جنوبی افریقا کیخلاف پہلے ون ڈے میں کامیاب باؤلر شاہین آفریدی کو ڈراپ کرنا سمجھ نہیں آیا، پاکستانی باؤلرز کو کریڈٹ جاتا ہے کہ انہوں نے جنوبی افریقی بیٹسمینوں کو 300رنز نہیں کرنے دیئے ۔

تازہ ترین