• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ماضی میں پار لیمنٹ ڈلیور نہ کر سکی(گورنر پنجاب) حکومت کو خطرہ نہیں ( فواد چوہدری)

لاہور(خصوصی نمائندہ، نیوز رپورٹر) سندس فائونڈیشن کے زیر اہتمام گزشتہ روزمقامی ہوٹل میں منو بھائی کی پہلی برسی کی تقریب منعقد کی گئی جس کی صدارت تجزیہ نگار و کالم نگار حسن نثار نے کی جبکہ تقریب کے مہمان خصوصی گورنر پنجاب جناب چوہدری محمد سرور تھے، وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے بھی تقریب میں خصوصی طور پر شرکت کی۔ حسین نقی ،ا متیاز عالم ،آئی اے رحمان ، واصف ناگی ، حامد رانا ، پروفیسر ڈاکٹر محمد نظام الدین ، اصغر ندیم سید ، پرویز رشید ، شجاعت ہاشمی ، سہیل وڑائچ ، خالد عباس ڈاراور منو بھائی کے اہل خانہ بھی اس تقریب میں موجود تھے ۔مقررین نے منو بھائی کی صحافت اور خدمت انسانی کے لئے کی گئی شان دار کاوشوں کو سراہا اور اپنے اپنے انداز میں خراج تحسین پیش کیا۔ گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے تقریب سے خطاب اور بعد ازاں میڈیا سے گفتگوکرتے ہوئے کہا کہ منو بھائی کی شاہکار تحریریں محض سیاہی کے الفاظ نہیں بلکہ علم کا خزانہ ہیں ۔ پار لیمنٹ سمیت کسی بھی ادارے کی عزت عمارت کی خوبصورتی سے نہیں اس میں رہنے والوں کے عمل اور کردار سے ہوتی ہے۔ بد قسمتی سے پار لیمنٹ قوم کوڈلیور نہیں کر سکی جسکے ذمہ دار وہ تمام لوگ ہیں جو ماضی میں حکومتوں میں آئے ۔اگر ایک دوسرے کی عزت کر یں گے اور ملکی معاملات پر بات کی جائیگی تو ملک اور جمہوریت دونوں مضبوط ہوں گے۔فواد چوہدری نے کہا کہ معاشرے کا اصل سرمایہ منو بھائی جیسے نایاب لو گ ہی ہیں جنہوں نے شعبہ صحافت میں بے داغ رہ کرنہ صرف فرد کے محسوسات اور اس کے مسائل کی ترجمانی اپنی تحریروں اور ڈراموں کے ذریعے کی بلکہ جمہوریت کے فروغ اور پاکستان کی خوشحالی کے لئے بھی بھر پور کردار ادا کیا۔ کون کہتا ہے کہ منو بھائی اب اِس دُنیا میں نہیں منو بھائی تو سُندس فائونڈیشن کی شکل میں نہ صرف اب بھی ہم میں موجود ہیں بلکہ انسانیت کی خدمت کرتے ہوئے بھی دکھائی دیتے ہیں۔ حکومت کو سیاسی چیلنج درپیش ہے نہ ہی کسی قسم کا کوئی خطرہ ہے، پیپلزپارٹی اورمسلم لیگ ن سے کوئی جھگڑا نہیں ہے، اختلاف اس بات پر ہے کہ وہ اپنے لیڈروں کے لیے ریلیف مانگتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ سال ایکسپورٹ کا سال ہوگا ،اس سال کو معاشی مضبوطی کے طور پر منائیں گے۔وزیر اطلاعات نے کہا کہ فوجی عدالتیں نیشنل ایکشن پلان کے تحت بنائی گئیں، ان کی مدت میں توسیع کے لیے سب کو اعتماد میں لیں گے۔ مسلم لیگ ق کے تحفظات کو دور کیا جائیگا۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ پر سنگین الزامات ہیں ، ہم چاہتے ہیں کہ وہ خود ہی چلے جائیں ، جمہوریت جرائم پر پردہ ڈالنے کا نام نہیں ہے، شہبازشریف کے این آر او مانگے جانے کے سوال پر بولے این آر او تو سارے ہی مانگ رہے ہیں۔حسن نثار نے کہا کہ منو بھائی ایک انفرادی شخصیت نہیں بلکہ اپنی ذات میں ایک بہت بڑا ادارہ تھے۔ منو بھائی نے سُندس فائونڈیشن جیسا مثالی ادارہ معاشرے کو تحفہ دیکر ہمیشہ کیلئے اپنی موجودگی کا احساس زندہ کر دیا ہے۔ مسلم لیگ (ن) کے رہنما اورسابق وفاقی وزیر پرویز رشید نے کہا کہ منو بھائی عہد ساز شخصیت تھے، منو بھائی سے سیکھا کہ غلطی پر نادم کیسے ہوا جاتا ہے۔ جو حسین نقی اور منو بھائی کو نہیں جانتا وہ پاکستان اورپاکستان کے زخموں کو نہیں جانتا اورجو پاکستان کے زخموں کو نہیں جانتا اسے پاکستانی کہلانے کا حق نہیں ہے۔ پاکستان میں یہ فضا بنا دی گئی ہے کہ جس کو گالی دینا ہو وہ پارلیمان کی عمارت ہے، پارلیمان میں بیٹھے لوگوں کے اوپر بلڈوزر گزارنے کی باتیں ہوئیں۔ منو بھائی کہتے تھے کہ پارلیمان کو چار بار لٹیروں نے لوٹا اور لوٹنے والے لٹیروں کی شناخت کرائی۔آخر میں تما م حاضرین مجلس اور میڈیا کا شکریہ ادا کرتے ہوئے سُندس فائونڈیشن کے ڈائریکٹرز خالد عباس ڈار ، سہیل وڑائچ اور صدر محمد یٰسین خان نے کہا کہ منو بھائی کی یاد میں ایک نئے ہسپتال کی بنیاد بہت جلد رکھی جا رہی ہے جسکا مقصد مستحق مریضوں کو مزید معیاری اور مفت علاج و معالجہ فراہم کرنا ہے۔منو بھائی کے ایصال ثواب اور انکو خراج تحسین پیش کرنے کیلئے سُندس فائونڈیشن کے دوسرے مراکز فیصل آباد ، گجرات، گجرانوالہ، سیالکوٹ اور اسلام آباد میں بھی قرآن خوانی ہوئی اور دُعائیہ تقریبات منعقد کی گئیں ۔
تازہ ترین