• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

منی بجٹ امیرو غریب کے فرق کو مزید بڑھا دیگا،صادق عمرانی

کوئٹہ(پ ر)پاکستان پیپلز پارٹی کی سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی کے رکن صادق عمرانی نے کہا ہے کہ ملکی تاریخ میں ایسا کبھی نہیں ہوا کہ ایک ہی سال میں تین بجٹ غیر حقیقی اعدادوشمار کے ساتھ قوم پر مسلط کئے گئے ہوں۔175 ارب روپے کا شاٹ فال پورا نہ کئے جانے کی نااہلی کی سزا بھی تنخواہ دار طبقے کو سنائی جارہی ہے۔ بجٹ خسارہ جو کہ ایک ہزار ارب روپے سے بھی زیادہ ہے جو آنے والے برس میں دو ہزار ارب روپے سے بھی زیادہ ہوجائے گا۔ ناتجربہ کاروں کے ہاتھ ملکی معیشت کو زمین بوس کردیں گے، حکمرانی کے حقیقی اسلوب سے ناواقف مسلط کردہ حکمران اس شوق میں ملک کو دیوالیہ اورعوام کو بھوکوں مرنے کے لئے تنہا چھوڑ کر راہ فرار اختیار کرلیں گے ایسے لاحاصل تجربات کی سزا پہلے بھی عوام کو بھگتنا پڑی اور آئندہ بھی کچھ ایسا ہوتا نظر آرہا ہے، اپنے ہی ترمیمی بجٹ کی نفی کرتے ہوئے ایک اور منی بجٹ کا مسلط کیا جانا امیر اور غریب میں بڑھتے ہوئے فرق کو مزید بڑھانے کے مترادف ہے۔ دولت کی غیر منصفانہ تقسیم نے جہاں پہلے ہی قوم کو تقسیم در تقسیم کردینے کی سازشوں کو عملی جامہ پہنائے رکھا وہاں اس منی بجٹ کے ہاتھوں مہنگائی کا جو سیلاب امڈ آئے گا اس سے لاقانونیت کی حد میں ناقابل یقین حد تک اضافہ ہوگا۔
تازہ ترین