• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

خواتین کو صحافت سمیت ہر شعبہ زندگی میں فعال کردار ادا کرنا ہوگا، شکیلہ دہوار

کوئٹہ(اسٹاف رپورٹر) بلوچستان نیشنل پارٹی کی رکن بلوچستان اسمبلی شکیلہ نوید دہوار نے کہا ہے کہ فیصلہ سازی اورسیاسی عمل میں خواتین کی موثر شرکت ہی پائیدار ترقی کی ضمانت ہے اس مقصد کے لئے ہمیں اجتماعی جدوجہد کرنا ہوگی اور خواتین جرنلسٹس کو اپنا فعال کردار ادا کرنا ہوگا ،ان خیالات کا اظہار انہوں نے ہفتہ کو وومن میڈیا سینٹر پاکستان کے زیر اہتمام کوئٹہ پریس کلب میں پانچ روزہ ٹریننگ پروگرام کے دوسرے روز خطاب میں کیا ،انہوں نے کہا کہ وومن میڈیا سینٹر پاکستان کی جانب سے بلوچستان کی مختلف جامعات میں شعبہ جرنلزم کی طالبات کو پیشہ ورانہ تربیت کی فراہمی عملی میدان میں مثبت نتائج کی حامل ثابت ہوگی ،انہوں نے کہا کہ معاشرے کے امتیازی رویوں سے دلبرداشتہ ہو کر کسی بھی شعبے یا مقصد سے کنارہ کشی اختیار کرنے کے بجائے مثبت سمت کا تعین کرنے کے لئے ہماری خواتین اور نوجوانوں کو جدوجہد کرنا ہوگی ، معاشرے میں پائے جانے والے امتیازی رویوں کا مقابلہ کرتے ہوئے خواتین کو صحافت سمیت ہر شعبہ زندگی میں فعال کردار ادا کرنا ہوگا ،اس موقع پر وویمن میڈیا سینٹر پاکستان کی سربراہ فوزیہ شاہین نے کہا کہ غیر سرکاری سطح پر وومن میڈیا سینٹر ملک کا واحد ادارہ ہے جو مختصر المدتی کورس کے ذریعے پیشہ ورانہ صحافتی تربیت کے ذریعے پاکستان کی خواتین جرنلسٹس کی استعداد کار میں اضافے کے لئے کام کررہا ہے ، انہوں نے کہا دستیاب اعداد و شمار کے مطابق بلوچستان کی دس فیصد خواتین اپنے ووٹ کا استعمال کرتی ہیں جو بہت کم ہے ، یہ شرح مساوی بنیادوں پر پچاس فیصد ہونی چاہیے ۔ ورکشاپ سے سینئر صحافی شہزادہ ذوالفقار احمدزئی نے بھی خطاب کیا۔ قبل ازیں پروگرام کی ماسٹر ٹرینر قرات العین نے ٹریننگ میں شریک طلبہ اور صحافیوں کو عملی ٹریننگ دی۔
تازہ ترین