• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پراپرٹی ٹیکس کی عدم ادائیگی، دکانیں اور فلیٹ سر بمہر کرنے پر تاجروں کا احتجاج

راولپنڈی (سٹاف رپورٹر) آئی نائن ون میں واقع پلازے کے پراپرٹی ٹیکس کی عدم ادائیگی پر دکانیں اور فلیٹس سیل کئے جانے پر تاجروں نے احتجاج کرتے ہوئے سڑک بلاک کردی جس پرپولیس نے متعدد تاجروں کو گرفتار کر لیا ۔ ذرائع کے مطابق آئی نائن ون میں واقع سپنزر پلازہ کے مالک نے لاکھوں روپے کی رقم سی ڈی اے میں جمع نہ کروائی جس پر سی ڈی اے نے متعدد بار نوٹس جاری کیے اس کے باوجود رقم ادا نہ کی گئی جس پر گذشتہ شام چھ بجے کے قریب ڈپٹی ڈائریکٹر سی ڈی اے شعبہ ریونیو عامر شہزاد اور اے سی آئی نائن وسیم خان پولیس کی بھاری نفری کے ہمراہ پلازے کو سیل کرنے لگے تو تاجروں نے احتجاج شروع کر دیا۔ سی ڈی اے کے عملے نے 27دکانیں اور 24فلیٹ سیل کر دیئے جس پر تاجروں نے احتجاج کرتے ہوئے سڑک بلاک کی تو تھانہ آئی نائن کے ایس ایچ او غلام مصطفی کیانی نے پولیس کی بھاری نفری کے ہمراہ تاجر یونین کے صدر خواجہ خلیل سلار ، جنرل سیکریٹری عتیق جنجوعہ سمیت چار ساتھیوں کو گرفتار کر کے تھانے منتقل کر دیا ۔
تازہ ترین