• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بلوچستان: خشک سالی سے نمٹنے کیلئے مصنوعی بارش برسانے کا فیصلہ

بلوچستان حکومت نے خشک سالی سے نمٹنے کیلئے صوبے کے مختلف علاقوں میں مصنوعی بارش برسانے کا فیصلہ کرلیا۔

پہلے مرحلے میں آزمائشی بنیادوں پر صوبے کی چند جگہوں پر مصنوعی بارش کیلئے اسپرے کیے جائیں گے اور ان کامیاب تجربات کی روشنی میں صوبے کی دیگر جگہوں پر بھی اس عمل کو دوہرایا جائے گا۔

اس بات کا فیصلہ صوبائی وزیر خزانہ میر محمد عارف محمدحسنی کی زیر صدارت اجلاس میں کیا گیا ،اجلاس سے خطاب میں صوبائی وزیر نے کہا کہ آج پوری دنیا میں ترقی یافتہ ممالک جدید ٹیکنالوجی سے استفادہ حاصل کرتے ہوئے قدرتی آفات کے اثرات کو ممکنہ حد تک کم کرنے میں کامیاب ہوئے ہیں لہٰذا اگر مصنوعی بارشیوں کو برسانے کیلئے آزمائشی بنیادوں پر کوششیں شروع کر دی جائیں تو کوئی وجہ نہیں کہ خشک سالی کے اثرات کو کم کرنے میں ہم کامیاب نہ ہوسکیں۔

اجلاس کو کو بتایا گیا کہ مصنوعی بارش کے حصول کیلئے وفاقی محکمہ موسمیات سے باہمی روابط کے ذریعے مشاورت بھی کی گئی ہے۔

اجلاس میں مصنوعی بارش کے لیے طریقہ کار، مطلوبہ فنڈز اور موسمی حالات کا بغور جائزہ لیا گیا اور فیصلہ کیا گیا کہ فنانس ڈپارٹمنٹ مطلوبہ فنڈز میں نصف کا اجراء کرے گا۔

تازہ ترین