واشنگٹن(آئی این پی) دنیا بھر کے بیشتر ممالک میں سردی نے اپنا رنگ جما رکھا ہے، امریکہ کے بعد برطانیہ میں بھی برف باری کے باعث شدید ٹھنڈ میں اضافہ ہورہا ہے۔ امریکہ میں جاری برف باری کے طوفان سے ریاست منی سوٹا کی متعدد شاہراوں پر ٹریفک کی روانی متاثر رہی، سڑکوں پر پھسلن کے باعث کئی گاڑیاں آپس میں ٹکرا گئیں، ریاست کنساس میں 2انچ فی گھنٹہ سے زائد کی رفتار سے برف پڑی محکمہ موسمیات نے مزید برف باری کے طوفان کی شدت میں اضافے کا امکان ظاہر کیا ہے۔دوسری جانب برطانیہ میں برف باری اور سرد ہواوں کا سسٹم شدید ٹھنڈ لا رہا ہے، جس کی وجہ سے درجہ حرارت منفی 10تک گرنے کا امکان ہے۔ترکی میں بھی برف باری کا طوفان شدت پر رہا، مشرقی علاقوں میں 2 میٹر سے زائد پڑنے والی برف نے ہر شے کو ڈھک دیا ہے، زمینی راستے مسدود ہوگئے، متاثرہ علاقوں کے اسکول بھی بند کردیئے گئے۔پرتگال اور اسپین میں بھی آئندہ چند روز میں بارشوں اور شدید برفباری کی پیش گوئی کی گئی ہے۔