• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بھارت کو دھول چٹا دی، پاکستان ایشین جونیئر اسکول چیمپئن بن گیا

کراچی (شکیل یامین کانگا /اسٹاف رپورٹر) دفاعی چیمپئن پاکستان نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ایشین جونیئر اسکواش چیمپئن شپ میں روایتی حریف بھارت کو دھول چٹاتے ہوئے باسانی 2-0 سے ہرا کر گولڈ میڈل حاصل کرلیا۔ اس فتح کے ساتھ پاکستانی ٹیم ایشین چیمپئن بن گئی ہے جس کے پاس ایشین ٹیم اور انفرادی مقابلوں کا ٹائٹل ہے۔


پاکستان نے ٹیم ایونٹ 2013 ء میں جیتا تھا۔ چیمپئن شپ کے گرلز ایونٹ کے فائنل میں ملائشیا نے ہانگ کانگ کو 2-0 کی شکست دی۔ تھائی لینڈ کے شہر پتایا میں کھیلی جانے والی چیمپئن شپ کے ٹیم فائنل کے پہلے میچ میں پاکستان کے عباس زیب نے بھارت کے اتکرش بھایٹی کے عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 11-4،11-2 اور 11-6سے باسانی 3-0 سے فتح اپنے نام کی جبکہ دوسرے میچ میں فرحان ہاشمی اور بھارت کے چھوترانی کے درمیان انتہائی دلچسپ مقابلہ ہوا۔ بھارتی کھلاڑی نے پہلا سیٹ 11-2 سے جیت کر برتری حاصل کی لیکن فرحان نے شاندار فائٹ بیک کرتے ہوئے 11-7 سے دوسرا سیٹ جیت کر مقابلہ 1-1 کردیا۔ تیسرے سیٹ میں فرحان نے 11-9 سے کامیابی حاصل کرکے برتری 2-1 کی لیکن چوتھے سیٹ میں بھارتی کھلاڑی نے 11-5 سے فتح حاصل کرکے مقابلہ 2-2 سے برابر کردیا۔ پانچویں اور آخری سیٹ میں فرحان نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے نہ صرف سیٹ 11-9 سے اپنے نام بلکہ پاکستان کو ایشین چیمپئن بھی بنوا دیا۔ جنگ سے باتیں کرتے ہوئے پاکستان اسکواش ٹیم کے سیکرٹری گروپ کیپٹن طاہر سلطان کا کہنا تھاکہ پاکستان کیلئے بڑا اعزاز ہے کہ ٹیم ایونٹ کے فائنل میں بھارت کو شکست دیکر تھائی لینڈ میں قومی پرچم بلند کیا۔ ہم نے اس سے قبل انفرادی مقابلوں کا ٹائٹل بھی حاصل کیا تھا اس طرح اب ہم کامیابی کا ڈبل کرائون مکمل کرچکے ہیں۔ بھارت جس نے ٹیم ایونٹ کے سیمی فائنل میں ملائشیا کو شکست دی تھی فائنل میں اسے ہرانا ہمارے لئے بڑا چیلنج تھا لیکن ہمارے کھلاڑیوں نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے اسے ممکن بنایا۔ ایشین انفرادی مقابلوں کا ٹائٹل گزشتہ سال بھارت کے شہر چنائے میں جیتا تھا جبکہ ٹیم ایونٹ کا فائنل 2013ء میں ہم نے جیت تھا۔ ایشین چیمپئن شپ کے سالانہ اجلاس کے موقع پر پاکستان کو ایک اور بڑا اعزاز یہ حاصل ہوا ہے کہ 2021ء ایشین سینئرز اور انفرادی چیمپئن شپ ہمیں دیدی گئی ہے اور انشاء اس کا شاندار انقعاد کرکے اپنے ملک پر لگے دہشت گردی کے داغ کو بھی صاف کردیں گے۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے بتایا کہ اس چیمپئن شپ میں تمام ممالک اپنے انڈر 19 پلیئرز لائے تھے جبکہ ہم انڈر 15، 17 اور 19 کے کھلاڑی لائے اور انہیں تمام میچز میں چانس دیا۔دریں اثنا بین الصوبائی رابطے کی وفاقی وزیر ڈاکٹر فہمیدہ مرزا نے قومی جونیئر اسکواش ٹیم کو ایشین جونیئر ٹائٹل جیتنے پر مبارک باد دی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت کے خلاف فائنل میں نوجوان کھلاڑیوں نے شاندار پرفارمنس دکھائی، اسکواش سمیت دیگر کھیلوں میں بہت ٹیلنٹ موجود ہے ، امید ہے نوجوان کھلاڑی مستقبل میں بھی مزید ٹائٹل جیتیں گے۔

تازہ ترین