• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

آسٹریلیا میں کامیابی کے بعد بھارتی کرکٹ ٹیم نیوزی لینڈ پہنچ گئی

آکلینڈ (جنگ نیوز) آسٹریلیا میں رنگ جمانے کے بعد بھارتی کرکٹ ٹیم محدود اوورز کی کرکٹ سیریز کے لئے نیوزی لینڈ کے شہر آکلینڈ پہنچ گئی ،کوہلی الیون 3 ہفتے کے دورے میں 5 ون ڈے اور 3 ٹی20 میچز کھیلے گی۔ ماہرین کے مطابق میزبان کیوی ٹیم آسٹریلیا کے مقابلے میں زیادہ بہتر اور فارم میں ہے، یہاں مہمان بیٹسمینوں کی صلاحیتوں کا اصل امتحان ہوگا۔ پہلا میچ بدھ کو نیپیئر میں ہوگا۔ بھارتی ٹیم ون ڈے رینکنگ میں121 پوائنٹ کے ساتھ دوسرے جبکہ نیوزی لینڈ 113 پوائنٹ کے ساتھ تیسرے نمبر پر ہے۔ دونوں ہی ٹیمیں آئندہ ورلڈ کپ سے قبل فارم اور کارکردگی میں مزید بہتری کے ساتھ پہلے نمبر پر قابض انگلینڈ کے قریب پہنچنا چاہیں گی۔ سیریزکے لئے دونوں ہی ٹیموں نے اپنے اسکواڈ کا اعلان کردیا ہے۔ بھارتی ٹیم ویرات کوہلی (کپتان)، روہت شرما، شکھر دھون، امباتی رائیڈو، دنیش کارتک، کیدار جادھو، ایم ایس دھونی، کلدیپ یادیو، یزویندرچاہل، رویندرجدیجا، بھونیشور کمار، محمدشامی، خلیل احمد، محمد سراج، وجے شنکر اور شبھمن گل جبکہ میزبان سائیڈ کین ولیمسن (کپتان)، ٹرینٹ بولٹ، ڈگ بریسویل، کولن ڈی گرینڈ ہوم، لاکی فرگوسن، مارٹن گپٹل، میٹ ہینری، ٹام لیتھم، کولن منرو، ہینری نکولس، مچل سینٹنر، ایش سوڈھی، ٹم ساوتھی اورراس ٹیلر پر مشتمل ہے۔دریں اثنا سابق آسٹریلوی کرکٹر این چیپل نے کہا ہے کہ بھارتی کپتان ویرات کوہلی کی موجودہ پرفارمنس کی روشنی میں انہیں ایک روزہ کرکٹ کا ڈان بریڈ مین کہا جاسکتا ہے جبکہ دھونی ایک بہترین میچ فنش کرنے والے کھلاڑی ہیں،دونوں کی موجودگی ٹیم بھارت کی قوت کا بڑا راز ہے۔

تازہ ترین