• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کراچی میں تیز بارش، نصف شہر بجلی سے محروم، اہم شاہراہوں پر ٹریفک جام، کرنٹ لگنے سے نوجوان جاں بحق، حادثات میں متعدد زخمی


کراچی (اسٹاف رپورٹر) کراچی میں اتوار کی شب شہر کے مختلف علاقوں میں موسلا دھار بارش کے بعد موسم سرد ہوگیا، بارش کے ساتھ ہی شہر کا نصف سے زیادہ حصہ بجلی سے محرم ہو گیا،بارش کے باعث جوہر موڑ، بلوچ کالونی، یونیورسٹی روڈ سمیت کئی علاقوں میں پانی جمع ہوگیا جسکی وجہ سے ٹریفک کی روانی شدید متاثر ہوئی اور اہم شہر کی اہم شاہراہوں پر ٹریفک جام ہوگیا، پھسلن کی وجہ سے آئی آئی چندریگر روڑ سمیت کئی مقامات پر ٹریفک حادثات میں رینجر اہلکار سمیت متعدد افراد زخمی ہوگئے، جوبلی فرنیچر مارکیٹ کے علاقے میں کرنٹ لگنے سے 25سالہ نوجوان ریحان شان جاں بحق ہوگیا۔ تفصیلات کے مطابق کراچی کے مختلف علاقوں میں موسلا دھار بارش سے موسم سرد ہوگیا ہے، گلشن اقبال، گلستان جوہر، یونیورسٹی روڈ پر تیز بارش ریکارڈ کی گئی اور بجلی کی فراہمی معطل ہوگئی۔ رپورٹ کے مطابق فیڈرل بی ایریا، سائٹ ایریا، ناظم آباد، نارتھ ناظم آباد میں بھی بارش ہوئی ہے، لانڈھی کورنگی سمیت اطراف کے علاقوں میں ہلکی بارش ہوئی ہے۔ بارش کے باعث جوبلی فرنیچر مارکیٹ کے قریب بجلی کے پول سے کرنٹ لگنے سے 25سالہ نوجوان ریحان شان ولد نان شان جاں بحق ہوگیا جسکی لاش سول اسپتال منتقل کی گئی۔ پولیس نے ضابطے کی کارروائی کے بعد لاش ورثا کے حوالے کر دی۔شارع فیصل نرسری کےقریب ٹریفک پولیس اہلکار موٹر سائیکل پھسل کر گرنے سے زخمی ہو گیا۔ جسے جناح اسپتال منتقل کیا گیا ۔بلوچ کالونی پل پر موٹر سائیکل سوار کارکی ٹکر سے 2 افراد زخمی ہو گئے ۔ مین شارع فیصل اسٹار گیٹ کے سامنے سگنل پر موٹر سائیکل سوار پھسلنے سے شدید زخمی ہو گیا جسے جناح ا سپتال منتقل کیا گیا ۔ پھسلن ایک رینجرز اہلکار سمیت کئی موٹر سائیکل سوار پھسل کر زخمی ہوگئے، ایم اے جناح روڈ، آئی آئی چندریگر روڈ، لیاقت آباد ڈاک خانہ پل، کریم آباد اور دیگر علاقوں میں موٹر سائیکلیں پھسلنے سے متعدد موٹر سائیکل سوار مرد اور خواتین زخمی ہوئے جنہیں مختلف اسپتالوں میں منتقل کیا گیا۔ میٹھادر تھانے کی حدود آئی آئی چندریگر روڈ حبیب بنک پلازہ کے قریب موٹر سائیکل سلپ ہونے سے زخمی ہونے والے غازی رینجرز 35ونگ کا اہلکار35سالہ محمد شفیق ولد محمد صدیق کو سول اسپتال منتقل کیا گیا۔ بارش کے بعد جوہر موڑ، بلوچ کالونی کے علاقے میں بارش کا پانی کا جمع ہونے سے ٹریفک کی روانی شدید متاثر ہوئی۔ سڑکوں پر پانی جمع ہونے سے سوک سینٹر، عیسیٰ نگری، نیشنل اسٹیڈیم، یونیورسٹی روڈ سمیت کئی علاقوں میں ٹریفک جام رہا۔ کراچی میں اتوار کی شب بارش سے شہر کا آدھے سے زیادہ حصہ بجلی سے محرم ہو گیا، اچانک نیشنل گرڈ سےسپلائی منقطع ہو نے پر ٹرپنگ ہوئی جس سے بلدیہ، نارتھ کراچی، گلستان جوہر،گلشن اقبال، نارتھ ناظم آباد، شاہ فیصل کالونی، ملیر ماڈل کالونی، ملیر کینٹ سمیت متعدد علاقوں کو بجلی کی سپلائی معطل ہو گئی، بعض علاقوں میں رات گئے بجلی بحال نہ ہوسکی تھی۔ ترجمان کے الیکٹرک کے مطابق کے الیکٹرک کے پاور پلانٹس آئی لینڈ موڈ کی جدید ٹیکنالوجی کے باعث فعال رہے جسکے باعث بحالی کا عمل تیز رہا شہر کے مختلف مقامات پر بجلی بحال کر دی گئی جبکہ دیگر علاقوں میں بحالی کا عمل تیزی سے جاری ہے۔ ترجمان کے مطابق نیشنل گرڈ سے بھی سپلائی کی فراہمی موصول ہونا شروع ہو گئی تھی۔ محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ ہوا کا کم دبائو کراچی کے اوپر موجود ہے جسکی وجہ سے پیر کو بھی بارش کا امکان ہے۔ ترجمان کے مطابق، مغرب سے آنے والا بارش کا سسٹم پاکستان میں داخل ہوگیا، جس کے پیش نظر ایمرجنسی نافذ کردی گئی۔ چیف میٹرولوجسٹ عبدالرشید کا کہنا تھا کہ بارش کے نئے سسٹم کے پاکستان کی حدود میں داخل ہونے کے بعد سندھ اور بلوچستان میں مزید بارش کا امکان ہے۔ لاڑکانہ اور دادو کے علاقے گورکھ ہل اسٹیشن پر موسم سرما کی پہلی بارش ہوئی جس کے بعد یہاں کا درجہ حرارت نقطہ انجماد سے نیچے آگیا۔ ایم ڈی واٹر بورڈ نے ایمرجنسی الرٹ جاری کردیا۔ دوسری جانب بلوچستان کے شہر حب اور لسبیلہ سمیت صوبے کے مختلف علاقوں حبکو پاور پروجیکٹ، کنڈ، گڈانی، ڈام، وندر، سونمیانی، اوتھل اور بیلہ سمیت حب ڈیم، شاہ نورانی، سا کران، بند مراد خان، دریجی، کنراج، لاکھڑا، اورماڑہ اور بعض دیگر علاقوں میں بھی دن بھر وقفے وقفے سے بوندا باندی کا سلسلہ جاری رہا جبکہ سرد سرد ہوائیں چلنے سے سردی کی شدت میں اضافہ ہوگیا۔ لسبیلہ کے بعض علاقوں میں بوندا باندی کے شروع ہوتے ہی بجلی کی فراہمی کا سلسلہ منقطع ہوگیا اور کئی علاقے تاریکی میں ڈوب گئے۔ محکمہ موسمیات بیلہ کے انچارج عبدالعزیز عباسی کے مطابق آئندہ تین روز تک بارشوں اور سردی کی شدت میں بھی اضافے کا امکان ہے ۔ نوابشاہ سے نامہ نگار کے مطابق نوابشاہ سمیت گرد و نواح میں گرج چمک کے ساتھ موسلاد ھار بارش ہوئی جس بعد سردی کی شدت میں اضافہ ہوگیا ہے۔ کاشتکاروں کے مطابق بارش سے گندم سرسوں اور سبزیوں کی فصل کو فائدہ پہنچنے کا امکان ہے۔ ادھر بارش کے ساتھ بجلی کی سپلائی منقطع ہوگئی جبکہ نشیبی علاقوں میں بارش کا پانی جمع ہوگیا۔ کراچی کے مختلف علاقوں میں تیز بارش کے ساتھ اولے بھی پڑے ،جبکہ گلستان جوہر اور بلوچ کالو نی میں آسمانی بجلی گرنے کی اطلاعات بھی ملی ہیں ۔

تازہ ترین