• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سانحہ ساہیوال،نئے پاکستان میں شہری بچوں کے ساتھ باہر نہ نکلیں، بلاول بھٹو

اسلام آباد(نمائندہ جنگ، خبرایجنسیاں)چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے پولیس کے ہاتھوں ساہیوال میں شہریوں کے قتل کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ تحریک انصاف نے پنجاب کوپولیس اسٹیٹ میں تبدیل کر دیا ، ساہیوال کا سانحہ ایک پیغام ہے کہ نئے پاکستان میں شہری بچوں کے ساتھ گھروں سے باہر نہ نکلیں۔دوسری جانب پی پی رہنما خورشید شاہ نے کہا ہےکہ ساہیوال واقعہ پر وزیر اعظم کو قوم سے معافی مانگنی چاہیے، کیا بچے بھی دہشتگرد ہوسکتے ہیں۔ گزشتہ روز ایک بیان میں بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ معصوم بچوں کے سامنے والدین کا قتل گڈ گورننس کے جھوٹے دعوؤں کے منہ پر طمانچہ ہے، ریاست مدینہ کی پیروی کے دعویدار آج کے حکمران بتائیں کہ سانحہ ساہیوال کا ذمے دار کون ہے؟ بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ حکومت کا اس معاملے کی تحقیقات کے اعلانات درحقیقت ہیڈ لائنزگریبنگ کے علاوہ کچھ نہیں، نیازی سرکاری کی تحقیقات پر کسی کو اعتماد نہیں، اہل خانہ اور وزراءکو خوش کرنے کے لئے ایس ایس پیز اور آئی جیز کاتبادلہ کرنے والوں سے انصاف نہیں ہوگا۔ بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ ٹوئٹر والی سرکار دروغ گوئی اور مخالفین پر الزام بازی کے علاوہ کچھ نہیں کر سکتی، نیا پاکستان کے نام پر ملک میں جنگل کا قانون لاگو کر دیا گیا ہے۔دوسری جانب پی پی رہنما خورشید شاہ نے کہا ہےکہ ساہیوال واقعہ پر وزیر اعظم کو قوم سے معافی مانگنی چاہیے، کیا بچے بھی دہشتگرد ہوسکتے ہیں، مقتولین کے ورثاء کو دہشتگرد کہنے والے وزراء سے استعفیٰ لیا جائے۔
تازہ ترین