• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بلوچستان کے علاقے دکی میں  کوئلے کی کان کے حادثے میں  جاں بحق ہونے والے کان کنوں کی تعداد 6 ہوگئی ہے۔

کوئلہ کان میں میتھین گیس کے دھماکے کے نتیجے میں چار کان کن جان بحق ہوئے، ان کو نکالنے کے لئے جانے والے 2 مزید کان کن زہریلی گیس کا شکار ہوکر ہلاک ہوگئے جبکہ 14بے ہوش کان کنوں کو زندہ نکال لیا گیا۔

مائنز ریسکیو ذرائع کے مطابق پیر کی صبح دکی کے نواحی علاقے کی کوئلہ کان میں میتھین گیس کا دھماکہ ہوا، جس کے نتیجے میں کان کا ایک حصہ بیٹھ گیا اور چار کان کن اندر دب گئے۔

مائنز ریسکیو کی ٹیمیں آنے سے قبل گردونوح کی کوئلہ کانوں کے 16 کان کن اپنے ساتھیوں کو بچانے کے لئے کان کے اندر چلے گئے، کان کے اندر زہریلی گیس کے اخراج کے باعث 2 کان کن عبدالغنی اور محمد عمر جان بحق جبکہ 14 کان کن بے ہوش ہوگئے، جنہیں کان سے نکال کر دکی سول اسپتال منتقل کردیا گیا۔

جس کے بعد مائنز ریسکیو کا عملہ متاثرہ کوئلہ کان پر پہنچ گیا اور زہریلی گیس کے مکمل اخراج کے بعد کان میں پھنسے چاروں کان کنوں عبدالمنان، عبدالولی، کمال الدین اور محمد ملا کی لاشیں نکال لی گئیں۔

سینئر مائنز انسپکٹر عاطف علی نے بتایا کہ امدادی کارروائی مکمل ہونے کے بعد حادثے کا شکار ہونے والی کوئلہ کان کو سیل کردیا گیا ہے، تحقیقات کے لیے محکمہ معدنیات کی جانب سے جلد انکوائری ٹیم تشکیل دی جائے گی۔

واضح رہے کہ گزشتہ ماہ بھی دکی کی ہی ایک کوئلے کی کان میں دھماکے کے نتیجے میں ملبے تلے دب کر 3 کان کن جاں بحق ہوگئے تھے۔

تازہ ترین