• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

آج دوسرا ون ڈے، پاکستان سبقت ڈبل، جنوبی افریقا حساب چُکتا کرنے کیلئے پر عزم

ڈربن (جنگ نیوز) ٹیسٹ سیریز میں تین صفر کی شکست کا بدلہ لینے کے لئے پاکستانی کرکٹ ٹیم ون ڈے سیریز میں حساب برابر کرنا چاہتی ہے۔ جنوبی افریقا اور پاکستان کے درمیان دوسرا ون ڈے انٹر نیشنل منگل کو کنگز میڈ میں پاکستانی وقت کے مطابق شام چار بجے شروع ہوگا۔ پہلا ایک روزہ میچ جیت والے گرین شرٹس سبقت ڈبل کرنے کے خواہاں ہیں جبکہ میزبان پروٹیز کی کوشش ہوگی کہ وہ فتح کے ساتھ سیریز میں کم بیک کرتے ہوئے حساب چکتا کریں۔ توقع ہے کہ پاکستان ٹیم میں دو تبدیلیاں کی جائیں گی۔ شاداب خان کی جگہ حسین طلعت اور فہیم اشرف کی جگہ شاہین شاہ آفریدی کو کھلائے جانے کا امکان ہے۔ پروٹیز کپتان فاف ڈوپلیسی کا کہنا ہے کہ ہمیں پہلے ون ڈے کی شکست سے سبق سیکھنا ہوگا۔ ہاشم آملا نے سینئر بیٹسمین ہونے کے ناتے ایک اور اچھی اننگز کھیلی لیکن ہم نے اسکور کم بنایا۔ پاکستانی ٹیم کے قائد سرفراز احمد کا کہنا ہے کہ جیت کا تسلسل قائم رکھنا چاہتے ہیں کیوں کہ ورلڈ کپ سر پر ہے اور ہم ورلڈ کپ سے پہلے اپنی لائن اپ کو فائنل کررہے ہیں۔ فاف ڈوپلیسی نے کہا کہ پہلے میچ میں ہم نے 25،30رنز کم بنائے۔ بیٹسمینوں کو مزید تیز کھیلنا ہوگا۔ پانچ ون ڈے میچوں کی سیریز میں پاکستان کو ایک صفر کی برتری حاصل ہے۔ کنگز میڈ ڈربن میں پاکستان نےچھ میں سے چار میچ جیتے ہیں اور دو میچوں میں اسے شکست ہوئی ہے۔ فروری 2007 اور مارچ 2013 میں کھیلے جانے والے گزشتہ دونوں میچز میں پاکستان نے میزبان ٹیم پر برتری ثابت کی۔ اس گرائونڈ پر پاکستان کا سب سے زیادہ اسکور4 وکٹوں کے نقصان پر351رنز 2007 میں بنایا گیا تھا۔ محمد یوسف کی ناقابل شکست سنچری، یونس خان کے 93 اور شاہد آفریدی کے 77 رنز (ناٹ آؤٹ) شامل تھے، عمران نذیر نے 57 کی اننگز کھیلی تھی۔ دسمبر 2002 میں پاکستان ٹیم یہاں اپنے سب سے کم ٹوٹل 140 تک محدود رہی، شان پولاک اور نکی بوئے نے 3،3شکار کیے تھے۔ پاکستانی کرکٹ ٹیم نے جنوبی افریقا کو گذشتہ چھ میں سے پانچ ون ڈے انٹر نیشنل میں شکست دی ہے جس میں آکلینڈ میں ورلڈ کپ2015اور 2017کی آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی میں ایجبسٹن بر منگھم کا میچ بھی شامل ہے۔ امام الحق ون ڈے کرکٹ میں تیز ترین ایک ہزار رنز بنانے کے عالمی ریکارڈ سے 95رنز کی دوری پر ہیں۔ ڈربن میں جنوبی افریقا نے36میں سے20ون ڈے جیتے ہیں۔گیارہ میں اسے شکست ہوئی۔ایک میچ ٹائی رہا اور چار میچوں کا نتیجہ برآمد نہ ہوسکا۔

تازہ ترین