• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاکستان کو خودمختار اور ترقی یافتہ دیکھنا چاہتے ہیں،ثروت اعجاز قادری

کراچی (اسٹاف رپورٹر) پاکستان سنی تحریک کے سربراہ محمد ثروت اعجاز قادری نے کہا ہے کہ تحریک انصاف کی حکومت 5ماہ کی حکومتی کوششوں کے باوجود معاشی مشکلات سے اب تک نجات نہیں دلاسکی، جبکہ دوسری جانب حکومت احتساب کے نام پر مسلسل اپنے بیانوں کو اپنی نااہلی چھپانے کیلئے مسلسل استعمال کررہی ہے ، ملک میں نظام مصطفی ٰکا نفاذ کیا جائے تاکہ فوری انصاف کی فراہمی ،غریبوں کو روز گار ،تعلیم اورصحت جیسی بنیادی سہولیات مہیا ہوسکیں۔پاکستان کی بقاء کشمیر کی آزادی میں ہے، کشمیر کی آزادی کے لیے حکومت زبانی جمع خرچ کی بجائے عملی اقدامات کرے، ان خیالات کا اظہار انہوں نے اتوار اور پیر کی درمیانی شب نشتر پارک میں منعقدہ جاں نثاران مصطفیٰ کانفرنس سے خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت عوام پر نئے ٹیکسز کا بوجھ لاد کر اپنے معاشی خسارے کو پورا کرنے کے ساتھ آئی ایم ایف سے قرضہ لینے میں مگن ہے ، پاکستان سنی تحریک آئی ایم ایف سے قرضے لینے کی مخالف ہے چونکہ ہم پاکستان کو خودمختار اور ترقی یافتہ دیکھنا چاہتے ہیں اور پاکستان کی معاشی واقتصادی ترقی اور پاکستان کو دنیا کے نقشے پر ماڈل بنانے کیلئے ہر قسم کی قربانی اور جدوجہد کیلئے تیار ہیں ۔انہوں نے کہا کہ ساہیوال میں بدترین پولیس گردی کی گئی معصوم بچوں کے سامنے ان کی پوری فیملی کو قتل کردیا گیا جس کی شدید مذمت کرتے ہیں ، اس سنگین واقع پر وزیر اعلیٰ پنجاب ،آئی جی پنجاب کو فوری مستعفی ہوجانا چاہیے ۔ ثروت اعجاز قادری نے اپنے خطاب میں مزید کہا کہ دہشتگردی کے خاتمے اور دہشتگردوں کو فوری سزا دینے میں فوجی عدالتوں کی کارکردگی کو پوری قوم قدر کی نظر سے دیکھتی ہے ،عدلیہ ملک کا اہم ادارہ ہے اس کا احترام کرتے ہیں مگر عوام ایسے فیصلے کسی صورت قبول نہیں کرینگے جو شریعت کے منافی اور بیرونی دباؤ کا شاخسانہ ہوں ۔
تازہ ترین