• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سانحہ ساہیوال پر سی ٹی ڈی موقف قابل قبول نہیں، وزیر اطلاعات پنجاب

کراچی (ٹی وی رپورٹ) جیو نیوزکے پروگرام ’’جیوپاکستان‘‘ میں گفتگو کرتے ہوئے وزیر اطلاعات پنجاب فیاض الحسن چوہان نے کہا کہ سانحہ ساہیوال پر حکومت سی ٹی ڈی کے موقف کو تسلیم کرنے کو تیار نہیں ہے کار میں خواتین اور بچوں کی موجودگی کے باوجود کس طرح سے پولیس نے اندھا دھند فائرنگ کی جے آئی ٹی رپورٹ کا انتظار ہے اس پر من و عن عملدرآمدکیا جائے گا متاثرین کی بھرپور انداز میں داد رسی کی جائے گی ۔مسلم لیگ ن کے رہنما رانا ثنا اللہ بھی گفتگو میں شریک تھے۔پشاور میں خواتین کی سائیکل ریلی کی منسوخی،کراچی میں جاری کٹھ پتلی میلے ، آسٹریلیا سے کراچی آنے والے رضا کار مارٹن چیا اور پولیو کے دو نئےکیسز کاذکر بھی کیا گیا۔رانا ثنا اللہ کا کہنا تھا کہ سانحہ ماڈل ٹاؤن کو عمران خان نے سیاسی رنگ دیا اسے ہمارے خلاف ایک ایجنڈے کے طورپر استعمال کیا مگر ہم اس ایسا نہیں کریں گے،عمران خان صاحب تو اسی پولیس کو گلو بٹ فورس قرار دیتے تھے اور کہا کرتے تھے کہ حکمرانوں کو اس طرح کے واقعات پر ڈوب مرنا چاہئے اب پوری قوم سانحہ ساہیوال کے بعد انتظار کررہی ہے کہ عمران خان صاحب اس واقعہ کے بعد کب شرم سے ڈوب کر مرتے ہیں بیورو چیف جیو نیوز لاہور رئیس انصاری نے کہا کہ اس میں زیادہ تر قصور پولیس کا ہے وہ کہہ رہی ہے کہ ڈرائیور ذیشان نے کار سے اتر کر فائرنگ کی جبکہ اس کی لاش ملی ہے تو سیٹ بیلٹ بندھی ہوئی تھی۔

تازہ ترین