• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اسلام آباد ہائیکورٹ، شریعت کا حکم ہے دوسروں کے عیب چھپائو، عمران کی نااہلی کیلئے درخواست خارج

اسلام آباد (نمائندہ جنگ) اسلام آباد ہائی کورٹ نے وزیر اعظم عمران خان کی نااہلی کی درخواست ناقابل سماعت قرار دیکر خارج کر دی ہے۔ عدالت نے کہاہے کہ ذاتی معاملات عدالت میں نہ لائیں، عدالت عالیہ کے چیف جسٹس اطہر من اللہ نے ریمارکس دئیے کہ اسلام کا بنیادی اصول یہ ہے کہ کسی کی ذاتی زندگی پر کیچڑ نہ اچھالا جائے ، پردہ ہے تو اسے نہ اٹھایا جائے، شریعت کا حکم ہے کہ دوسروں کے عیبوں کو چھپائو، آرٹیکل 63 ایچ کے تحت اگر کسی شخص کا کردار ٹھیک نہ ہو تو اس کی نااہلی کے لئے غلط کردار کی وجہ سے کم سے کم دو سال کا سزا یافتہ ہونا ضروری ہے ، آئندہ ایسی درخواست آئی تو عدالت جرمانہ کرے گی۔ شہری حافظ احتشام احمد کی جانب سے دائر درخواست کی سماعت گزشتہ روز چیف جسٹس اطہر من اللہ اور جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب پر مشتمل ڈویژن بنچ نے کی۔ درخواست گزار حافظ احتشام احمد نے دلائل پیش کرتے ہوئے کہا کہ امریکی ریاست کیلی فورنیا کے شہر لاس اینجلس کی عدالت کا فیصلہ ہے کہ عمران خان ہی ٹیریان وائٹ کے باپ ہیں ، عمران خان نے آج تک اس فیصلے کوچیلنج کیا اور نہ تردید کی ، عمران خان نے الیکشن کمیشن میں جھوٹا ڈیکلریشن جمع کرایا اور اپنی بیٹی کو ظاہر نہیں کیا اس لئے وہ صادق اورامین نہیں رہے ،لہٰذا آئین کے آرٹیکل 62 کے تحت انہیں اسمبلی رکنیت کیلئے نااہل قرار دیا جائے۔

تازہ ترین