• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کراچی، اندرون سندھ بارشیں، کرنٹ لگنے اور حادثات میں 9 افراد جاں بحق، سڑکیں جل تھل، ٹریفک جام ، بجلی کی فراہمی معمول پر نہ آسکی

کراچی، ہالا، ٹنڈومحمد خان (اسٹاف رپورٹر، نامہ نگاران) کراچی، ہالا، مٹیاری، نیو سعید آباد، ٹنڈو محمد خان، ٹنڈوالہیار سمیت اندرون بارش سے سردی میں اضافہ ہوگیا، بارش کے دوران کرنٹ لگنے اور حادثات کے باعث بچی اور خاتون سمیت 9؍ افراد جاں بحق ہوگئے، ہلاکتیں اورنگی ٹائون، نارتھ کراچی، سائٹ ایریا اور اندرون سندھ ہوئیں، کراچی میں دوسرے روز بارش کے بعد نکاسی نہ ہونے کے باعث نشیبی علاقے زیر آب اورسڑکیں جل تھل ہوگئیں، بجلی کی فراہمی پیر کو بھی معمول پر نہ آسکی، نیپا چورنگی، نمائش چورنگی، حیدری، شادمان، سخی حسن، کیماڑی سمیت کئی مقامات پر پانی جمع ہوگیا جسکی وجہ سے شہریوں کو ٹریفک جام کا سامنا کرنا پڑا، لیاقت آباد میں سڑک دھنسنے سے سارا دن گاڑیاں ٹریفک جام میں پھنسی رہیں۔ تفصیلات کے مطابق کراچی میں مسلسل دوسرے روز جاری رہنے والی بارش کے پانی کی نکاسی نہ ہونے کے باعث سڑکیں اور چورنگیاں تالاب میں تبدیل ہو گئیں بجلی کی فراہمی پیر کو بھی معمول پر نہ آسکی۔ بلدیہ عظمی کراچی، ڈی ایم سیز، کے ڈی اے، کنٹونمنٹ بورڈز کی ناقص منصوبہ بندی اور عملہ سڑکوں پر نہ ہونے کے باعث لوگ شدید مشکلات کا شکار رہے، صبح دفاتر اور کاروبار پر جانے اور رات کو واپس آنے والے شہری جگہ جگہ پانی کھڑا ہونے کے باعث ٹریفک میں پھنسے رہے۔شہر میں وقفے وقفے سے ہونےوالی بارش کے باعث مختلف علاقوں میں کرنٹ لگنے سے بچی سمیت 4 افراد جاں بحق ہوگئے ۔تفصیلات کے مطابق اورنگی ٹاون کے علاقے بجلی نگر میں گھر اندر کا م کرنے کے دوران کرنٹ لگنے سے 26سالہ وجاہت جبکہ خواجہ اجمیرنگری کے علاقے نارتھ کراچی میں کرنٹ لگنے سے 18سالہ دانش ولد غلام محی الدین جاں بحق ہو گیا ۔ سائٹ اے کے علاقے سائٹ ایریا حبیب چورنگی کے قریب میڈیسن کمپنی میں کام کے دوران کرنٹ لگنے سے 26سالہ محمد آصف جاں بحق ہوگیا ،کورنگی نمبر ڈھائی نمبر سیکٹر ای 48 نظیر پی پی ایم ٹی کوسٹ گارڈ فیڈر پر 5 سالہ بچی حلیمہ دختر دین محمد کرنٹ لگنے سے جاں بحق ہو گئی۔ محکمہ موسمیات کے مطابق اتوارکی رات سب سے زیادہ بارش گلستان جوہر میں 38 ملی میٹر ریکارڈ کی گئی۔لانڈھی میں 31 ملی میٹر ،پہلوان گوٹھ میں 29 ملی میٹر،ایئرپورٹ کے علاقے میں 15 ملی میٹر،فیصل بیس پر12 ،گلشن حدید اورناظم آباد میں،10 10 ملی میٹربارش ریکارڈ کی گئی۔ محکمہ موسمیات جس نے دوروزقبل گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیشگوئی کردی تھی اس کو مدنظررکھ کر بلدیاتی اداروں نے تیاری نہیں کی پیر کو صرف چند مقامات پر کے ایم سی، ڈی ایم سیزکا عملہ پانی کی نکاسی کرتا نظرآیا سارا دن پانی جمع رہنے کے باعث بعض مقامات پر سڑکیں بیٹھ گئیں جن سڑکوں اور چوراہوں پر دن بھرپانی زیادہ جمع رہا ان میں یونیورسٹی بالمقابل جامعہ این ای ڈی، اردویونیورسٹی روڈ کے سامنے، نیپا چورنگی، یٰسین آباد چورنگی، ایم اے جناح رود پر نمائش چورنگی، ٹاور، آئی آئی چندریگرروڈ ، قیوم آباد چورنگی، شیرشاہ سوری روڈ پر میٹرک بورڈ آفس، حیدری، شادمان ٹاؤن، سخی حسن، کیماڑی مسان روڈ، شاہراہ پاکستان پر کریم آباد چورنگی پر پانی بہت زیادہ جمع رہا جبکہ لیاقت آباد نمبردس سے ڈاکخانہ تک سڑک دھنس گئی جس سے سارا دن گاڑیاں ٹریفک جام میں پھنسی رہیں سٹی کورٹ کے اطراف بھی تمام سڑکیں سارادن ڈوبی رہیں شہریوں نے بلدیاتی اداروں بالخصوص کے ایم سی کی جانب سے بارش کے پانی کی نکاسی کیلئے مناسب انتظامات نہ کرنے پر شدیدتنقید کی اور کہا کہ اس مرتبہ ان اداروں کا عملہ قطعی لاتعلق رہا۔ دریں اثناء اتوار کی شب شرو ع ہونے والا بجلی کا تعطل پیر کو بھی معمول پر نہ آسکا لیاقت آبادنمبر4، فیڈرل بی ایریا بلاک10، کیماڑی کے بعض علاقے، ملیر کھوکھراپار سمیت بعض علاقے رات بھر بجلی سے محروم رہے جبکہ پیر کو بھی شہر کے مختلف علاقوں میں تعطل کا سلسلہ جاری رہا حالیہ بارش میں کراچی انتظامیہ کے لاتعلق رہنے پر بھی شہریوں نے حیرت کا اظہار کیا ان کا کہنا تھا کہ اگر مناسب چیک ہوتا تو شہریوں کو کم مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا۔ ادھر ہالا،نیو سعید آباد، بھٹ شاہ، مٹیاری، ٹنڈو محمد خان، گھارو، دھابیجی، میرپورساکرو، بوہارو گاڑھو، کیٹی بندر اور گھوڑا باری سمیت اندرون سندھ کئی شہروں میں شدید بارش سے موسم سرد ہوگیا ، بارش کیساتھ ہی مختلف شہروں اور دیہاتوں میں بجلی بند ہوگئی ۔

تازہ ترین