• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

دنیا کے امیر ترین 26افراد،نصف آبادی کی دولت کے مساوی پیسے کے مالک

کراچی(رفیق مانگٹ)دنیا کے امیر ترین 26افراد کی دولت دنیا کی نصف آبادی کے دولت کے مساوی ہے۔امیروں کی دولت میں12فی صداضافہ، جبکہ غریبوں کی دولت میں11فی صد کمی ہوگئی۔ہر دو دن بعد ایک ارب پتی کا اضافہ دیکھا گیا۔ دنیا بھر کی مجموعی دولت317ٹریلین ڈالر ہے۔ گزشتہ برس امیروں کی دولت میں ڈھائی ارب ڈالر یومیہ اضافہ ہوا۔بھارت کی ایک فیصد امیرترین آبادی کی دولت میں43ارب روپے سے زائد یومیہ اضافہ ہوا۔ 2030تک امیر ترین ایک فی صد آبادی کے پاس دنیا کی دو تہائی دولت ہوگی ،2017کی رپورٹ کے مطابق ایک فی صد آبادی کے پاس دنیا کی نصف دولت ہے۔ آکسفام،ویلتھ ایکس ، جیسے تھنک ٹینکس کی رپورٹ کے مطابق2018میں امیروں کی دولت میں 12فی صد روزانہ کے حساب سے اضافہ ہوا جو کہ ڈھائی ارب ڈالر بنتے ہیں۔ یوں دنیا میں اس وقت2208ارب پتی ہیں، ایک عشرہ قبل معاشی بحران کے بعد سے امیرترین افراد کی تعداد دگنا ہو گئی جب کہ دنیا کی نصف غریب آبادی کی دولت میں گیارہ فی صد کمی ہوگئی ۔دنیا کے26افراد کے پاس ایک عشاریہ چار ٹریلین ڈالر ہے یہ دولت 3ارب80کروڑ افراد کی دولت کے مساوی ہے ،2017میں43افراد کے پاس دولت دنیا کی نصف آبادی کی دولت کے مساوی تھی جب کہ2016میں61افراد کی دولت نصف آبادی کی دولت کے برابر تھی۔یوں دنیا میں امیر ترین افراد کی دولت میں آضافہ ہوا۔2017اور2018کے درمیان ہر دون دن بعد ایک ارب پتی کا اضافہ ہوا۔عالمی غیر مساوی رپورٹ 2018 کہتی ہے کہ 1980سے2016کے درمیان دنیا کی غریب ترین نصف آبادی کو عالمی آمدنی کے ہر ڈالر میں12سینٹ ملے جب کہ امیر ترین افراد کی ایک فی صد آبادی کو فی ڈالر 27سینٹ ملے۔ ویلتھ ایکس کی تازہ رپورٹ کے مطابق دنیا میں5لاکھ چالیس ہزار فراد کی دولت ایک ملین ڈالر سے30ملین ڈالر کے درمیان ہے۔ بلوم برگ کی رپورٹ کے مطابق دنیا کے پہلے دس امیر ترین افراد میں سے سات کا تعلق امریکا سے ہے، جن میں سے چھ آئی ٹی کے کاروبار سے وابستہ ہیں۔Credit Suisse کے اعداد وشمار کے مطابق دنیا بھر کی مجموعی دولت317ٹریلین ڈالر ہے،اور دنیا کی مجموعی آبادی سات ارب بیس کروڑ سے زائد ہے اگر اس دولت کو مساوی تقسیم کردیا جائے تو دنیا کاہر شخص 44028ڈالر کا مالک ہوگا۔ گزشتہ برس بھارت کی ایک فی صد آبادی کی دولت میں یومیہ43ارب 31کروڑ روپے(2200کروڑ بھارتی روپے) کا اضافہ ہوا۔
تازہ ترین