• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

انجمن اساتذہ کی اپیل،جامعہ کراچی میں تدریسی عمل کا بائیکاٹ

کراچی(اسٹاف رپورٹر) انجمن اساتذہ جامعہ کراچی کی اپیل پر پیر کو جامعہ کراچی میں تدریسی عمل کا مکمل بائیکاٹ کیا گیا۔ انجمن اساتذہ کے اعلان کے مطابق یہ بائیکاٹ 24 جنوری کو ہونے والی جنرل باڈی تک جاری رہے گا جس میں آگے کی حکمت عملی پر غور کے بعد اعلان کیا جائے گا۔بائیکاٹ کی وجہ سے جامعہ کراچی میں کلاسیں نہیں ہوسکیں جب کہ ایم بی بی ایس کا امتحان بھی متاثر ہوا اور پرچہ چار گھنٹے کی تاخیر شروع ہوا۔ انجمن اساتذہ نے کامیاب احتجاج پر تمام اساتذہ کو مبارکباد دی۔انجمن اساتذہ کے سکریٹری غفران عالم کے مطابق انجمن اساتذہ گزشتہ کچھ عرصے سے وائس چانسلر کی جانب سے جاری مبینہ اقربا پروری کے خلاف احتجاج کررہی ہے۔ اس سے قبل متنازع اشتہارات کی اشاعت پر احتجاج کرتے ہوئے اساتذہ نے جلسہ تقسیم اسناد میں بازوؤں پر سیاہ پٹیاں باندھ کر شرکت کی جس کے بعد انتظامیہ ایک متنازع اشتہار واپس لینے پر مجبور ہوئی تاہم جامعہ کراچی واحد یونیورسٹی ہے جس نے حال ہی میں 62 سالہ فرد کو رجسٹرار کے تقرر کے لئے اشتہار جاری کیا ہے۔ قبل ازیں انجمن اساتذہ وائس چانسلر کی جانب سے جاری مبینہ ا قربا پروری پر مبنی اقدامات پر وقتا فوقتاً اپنے موقف کا اظہار کرتی آرہی ہے اور حکومت سندھ سے ان کی تعیناتی کی نصف مدت مکمل ہونے پر انکی تعیناتی پر نظر ثانی کا مطالبہ کرچکی ہے۔
تازہ ترین