• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اسلام آباد: سپریم کورٹ میں خدیجہ صدیقی کیس کی سماعت کل ہوگی

لندن (مرتضیٰ علی شاہ) سپریم کورٹ میں خدیجہ صدیقی کیس کی سماعت23جنوری کو مقرر کی گئی ہے۔ چیف جسٹس آصف سعید کھوسہ کی سربراہی میں 3 رکنی بینچ کیس کی سماعت کرے گا۔ خدیجہ صدیقی سٹی لاء یونیورسٹی لندن میں بار ایٹ لاء کی طالبہ ہیں اور سماعت کی تاریخ مقرر ہونے پر وہ یونیورسٹی سے چھٹی لے کر پاکستان روانہ ہوگئی ہیں۔ لندن میں دی نیوز سے گفتگو میں خدیجہ صدیقی کا کہنا تھا کہ یہ ٹیسٹ کیس ہے، حملہ آور کو سزا ملنے سے خواتین پر تشدد روکنے میں مدد ملے گی۔ انہوں نے کہا کہ میرا کیس اٹھانے پر شاہ زیب خانزادہ اور جیو نیوز کی شکر گزار ہوں۔ یاد رہے کہ خدیجہ صدیقی پر مئی 2016 میں شاہ حسین نےخنجر کے 23 وار کئے تھے۔ خدیجہ حملہ کیس میں مجسٹریٹ کورٹ نے شاہ حسین کو 7 سال قید کی سزا سنائی تھی، جس کے خلاف انہوں نے سیشن کورٹ میں اپیل دائر کی تھی۔ شاہ حسین بخاری کی درخواست پر سیشن کورٹ نے مجسٹریٹ کورٹ کی جانب سے دی گئی 7 سال کی سزا کم کر کے 5 سال کر دی تھی۔ بعدازاں خدیجہ صدیقی کو زخمی کرنے کے ملزم شاہ حسین کو لاہور ہائیکورٹ نے رہا کرنے کا حکم دیا تھا، جس پر سابق چیف جسٹس ثاقب نثار نے ازخود نوٹس لیا تھا۔ خدیجہ حملہ کیس کا ملزم شاہ حسین، ایڈووکیٹ تنویر ہاشمی کا بیٹا ہے، جس کے خلاف اقدام قتل کے الزامات کے تحت مقدمہ درج کیا گیا تھا۔

تازہ ترین