• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

یوم یکجہتی کشمیر بھرپور انداز میں منایا جائے گا، پرویز محمود چوہدری

نیو کاسل (پ ر) پی ٹی آئی کشمیر نارتھ آف انگلینڈ کے سیکرٹری اطلاعات ڈاکٹر پرویز محمود چوہدری نے کہا ہے کہ5فروری کو یوم یکجہتی کشمیر بھرپور انداز میں منایا جائے گا۔ پی ٹی آئی کشمیر کے کارکن بیرسٹر سلطان محمود چوہدری کی ہدایت پر تاریخ ساز یکجہتی کا اظہار کریں گے اور ثابت کریں گے کہ تحریک آزادی کشمیر کے ساتھ ہماری لازوال وابستگی ہے۔ پی ٹی آئی کشمیر او رتحریک آزادی لازم و ملزوم ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پارٹی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا اورکہا کہ5فروری تجدید عہد کا دن ہے۔ 5فروری کو یوم یکجہتی بھرپور انداز میں منایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ کشمیری آگ اور خون کے دریا عبور کررہے ہیں۔ بھارت جبر و تشدد کے باوجود کشمیریوں کے جذبہ آزادی کو ختم نہیں کرسکا۔ شہدا نے اپنا مقدس خون پیش کرکے مسئلہ کشمیر کو پوری دنیا میں روشناس کرایا۔ شہدا کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی۔ کشمیری نوجوانوں نے سینوں پر گولیاں کھاکر یہ ثابت کردیا ہے کہ وہ مقبوضہ کشمیر کے ناجائز قبضے کو نہیں مانتے۔ کشمیریوں کے حوصلے ہمالیہ سے بھی زیادہ بلند ہیں۔ آج جو تحریک آزادی کشمیر عالمی ایوانوں میں زیر بحث ہے۔ اس میں قائد کشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری کا اہم کردار ہے۔ ڈیڑھ کروڑ کشمیری عوام کی نمائندگی کرتے ہوئے مسئلہ کشمیر کے حل کے لیے اور مقبوضہ کشمیر میں جاری مظالم کے خلاف آواز دنیا بھر کے ایوانوں میں بلند کررہے ہیں۔
تازہ ترین