• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بیڈ فورڈ کی معروف سماجی شخصیت سعید تبسم جے پی وفات پاگئے

بیڈفورڈ (پ ر) عباس ملک کے خسر اور بیڈفورڈ کی معروف سماجی شخصیت سعید تبسم جے پی گزشتہ روز طویل علالت کے بعد بیڈ فورڈ ہاسپٹل میں انتقال کر گئے، ان کی عمر تقریباً 85برس تھی اور آبائی تعلق سیالکوٹ شہر سے تھا۔ وہ حکومت سندھ کے شعبہ تعلیم سے وابستہ رہنے کے بعد 1964میں برطانیہ آ گئے جہاں ابتدائی طور پر لندن اور بریڈفورڈ میں چند سال قیام کے بعد وہ مستقل طور بیڈ فورڈ میں مقیم ہو گئے جہاں وہ شعبہ تعلیم میں خدمات کے ساتھ سماجی علمی اور ادبی سرگرمیوں میں پیش پیش رہے اور ادبی جریدے میں اپنا کالم مسلسل لکھتے رہے۔ سعید تبسم نے جہاں کمیونٹی کے مختلف شعبوں میں قابل تحسین خدمات انجام دیں اور اس زمانے میں برطانیہ آنے والوں کو مقامی اداروں میں ملازمتیں تربیت قانونی مدد اور رہنمائی کے ساتھ خاص طور پر خواتین کی تعلیم اور تربیت کے لیے ایک نمایاں اور موثر کردار ادا کیا اور اسکولوں میں بچیوں کی تعلیم کو یقینی بنانے کے ان کے والدین کو آمادہ کیا اور آنے والے وقت کیلئے خواتین کیلئے تعلیم کی اہمیت کو اجاگر کیا سعید تبسم گزشتہ چند برس سے عارضہ قلب اور او اور اعصابی امراض کا شکار ہو گئے تھے اور گزشتہ چند ہفتوں سے ان کی صحت مسلسل گرتی جا رہی تھی اور بروز ہفتہ سہ پہر وہ اپنے اہل خانہ کی موجودگی میں اپنے خالق حقیقی سے جا ملے ان کے انتقال پر بیڈ فورڈ، لندن لوٹن، وٹفورڈ، ملٹن کینز اور نارتھ ہمپٹن کے سماجی حلقوں میں شدید رنج و غم اور دکھ کا اظہار کیا گیا ہے اور ان کی شاندار خدمات کو سراہا گیا ہے جب کہ برطانیہ بھر سے تعزیت اور افسوس کا اظہار جاری ہے۔ مرحوم سعید تبسم کی نماز جنازہ بروز منگل 22جنوری بعد نماز ظہر جامع مسجد حنفیہ غوثیہ کوئینز پارک Ford End Rd, Bedford, MK40 4JTمیں ادا ہو گی۔
تازہ ترین