• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اسلام کی تعلیمات کو دین و دنیا میں بانٹنے والے بے بہرہ ہیں، مفتی عبدالمجید

برمنگھم (پ ر) اسلام میں دین اور دنیا کی تفریق کا کوئی تصور موجود نہیں جو لوگ اسلا م کی تعلیمات کو دین اور دنیا کے خانوں میں بانٹتے ہیں وہ اسلام کے شعور سے بے بہرہ اور نبی اکرم ﷺ کے اسوۂ حسنہ سے کوسوں دور ہیں۔ اسلام رہبانیت کی نفی کرتا اور اپنے پیروکاروں کو دنیا کی تمام لذتوں سے بہرہ ور ہونے کی پوری اجازت دیتا ہے۔ آخرت کی کامیابی کا راستہ دنیا کی شاہراہ سے ہو کر جنت تک پہنچتا ہے۔ ان خیالات کا اظہار تحریکِ کشمیر برطانیہ کے جنرل سیکرٹری مفتی عبدالمجید ندیم نے ہینڈز ورتھ اسلامک سینٹر برمنگھم میں ہفتہ وار پروگرام سے خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا نیکی کی توفیق کا حاصل ہوجانا اللہ کی بہت بڑی رحمت ہے جو لوگ نیکی کے راستے پر چلنے کی جدوجہد کرتے ہیں کامیابی ان کا مقدر بن جاتی ہے۔ اسلام چند عقائد کا دین نہیں بلکہ وہ اپنے ماننے والوں کو عمل کی دنیا میں متحرک کر دیتا ہے۔ اسی تحرک اور جدوجہد کی نتیجے میں دنیا امن کا گہوارہ بن جاتی ہے اور انسان دوسرے انسانوں کے آرام اور سکون کی کوشش کرتا ہے۔ مفتی عبدالمجید ندیم نے کہا کہ آج مسلمانوں کا المیہ یہ ہے کہ انہوں نے دینِ اسلام کو پوجا پاٹ کا مذہب سمجھ لیا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ انہوں نے دین کو مختلف خانوں میں بانٹ دیا ہے۔ ان کی ایک بڑی تعداد یہ سمجھتی ہے کہ مسجد میں ہم اللہ کے حکم کے تابعدار جب کہ مسجد کے باہر آزاد ہیں۔ اس کا نتیجہ یہ ہے کہ ان کا معاشرتی، سیاسی اور اقتصادی نظام اسلام کی تعلیمات کے مطابق نہیں لہٰذا ضرورت اس امر کی ہے کہ مسلمان اپنے اس تصور کو تبدیل کریں تب ہی وہ دنیا اور آخرت میں کامیا بی سے ہمکنار ہوسکتے ہیں۔
تازہ ترین