• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

نظرثانی عمل میں نام شناختی کارڈ پر درج پتے پر منتقل کیا جائیگا‘الیکشن کمشنر

کوئٹہ(اسٹاف رپورٹر) صوبائی الیکشن کمشنر غلام اسرار خان نے کہا ہے کہ الیکشنز ایکٹ 2017 کے سیکشن 27 کےمطابق ایسے تمام رائے دہندگان جن کا ووٹ شناختی کارڈ پر درج مستقل یا عارضی پتہ کے علاوہ کسی دیگر پتہ پر درج تھا ان کو 31 دسمبر 2018 تک سہولت دی گئی تھی کہ وہ اپنا ووٹ شناختی کارڈ پر درج کسی بھی پتہ پر منتقل کرالیں ، ایسے تمام رائے دہندگان جو اس سہولت کے پیش نظر اپنے ووٹ کو منتقل نہیں کراسکے ، ان کے ووٹ مذکورہ بالا قانون کی روشنی میں غیر موثر ہوگئے ، اس صورتحال کے پیش نظر آئین کی شق 219 (اے) اور الیکشنز ایکٹ 2017 کے سیکشن 36 میں دیئے گئے اختیارات کو استعمال کرتے ہوئے الیکشن کمیشن آف پاکستان نے انتخابی فہرستوں کی نظر ثانی کے احکامات جاری کیے ہیں تاکہ ووٹ کے بنیادی حق کا تحفظ یقینی بنایا جاسکے اور رائے دہندگان کے ووٹ کے اندراج کو شناختی کارڈ پر درج پتے کے مطابق منتقل کیا جاسکے ، انتخابی فہرستوں کی نظرثانی کے اس عمل میں ایسے تمام ووٹ جو شناختی کارڈ پر درج مستقل یا عارضی پتہ کے علاوہ کسی دیگر پتہ پر درج ہیں ان کی نشاندہی کی جائے گی اور ان کو شناختی کارڈ پر درج پتوں پر منتقل کیا جائے گا ، اس عمل کے دوران رائے دہندگان کو بھی یہ سہولت دی جارہی ہے کہ وہ شناختی کارڈ پر درج کسی بھی پتہ کے مطابق اپنا ووٹ منتقل کراسکیں ، جس کے لیے وہ رجسٹریشن افسر ضلعی الیکشن کمشنر یا اسسٹنٹ رجسٹریشن افسر کے دفاتر میں 28 فروری 2019 تک فارم نمبر 21 جمع کراسکتے ہیں ، رائے دہندگان مزید معلومات کے لئے الیکشن کمیشن آف پاکستان کی ویب سائٹ اور دفتر ضلعی الیکشن کمشنر سے رابطہ کریں ، مزید برآں ضلع میں قائم مرکز معلومات و شکایات کا رابطہ نمبر اور ووٹ کے اندراج کی معلومات اپنا شناختی کارڈ نمبر 8300 پر ایس ایم ایس کرکے بھی حاصل کی جاسکتی ہیں ، الیکشنز ایکٹ 2017 کے سیکشن 25 کے مطابق نئے شناختی کارڈ بنانے والے شہری شناختی کارڈ بناتے وقت اپنے مستقل ، عارضی یا موجودہ پتہ کو ووٹ اندراج کے لیے منتخب کرسکتے ہیں۔
تازہ ترین