• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ٹیلی ویژن ڈرامے کے حوالے سے پاکستان کو بھارت پر ہمیشہ سبقت حاصل رہی ہے۔ پاکستانی ڈرامے بھارتی اکیڈمیز میں آج بھی پڑھائے جاتے ہیں۔ ان سب باتوں کے باوجود درمیان میں چند برس پاکستان میں بھارتی ڈراموں کو عروج حاصل رہا۔ ’’ساس بھی کبھی بہو تھی‘‘، یہ رشتہ کیا کہلاتا ہے ’’کُم کُم‘‘ جیسے ڈراموں نے ہمارے ناظرین کو اپنے سحر میں لے لیا تھا۔ ان ڈراموں کی مقبولیت کا عالم یہ تھا کہ ہمارے ملک میں ہونے والی شادی بیاہ کی تقریبات میں خواتین تاخیر سے پہنچنے لگیں، یہاں تک کہ پاکستانی پروڈکٹس کے نام بھارتی ڈراموں پر رکھے جانے لگے۔ ایسے میں جیو نیٹ ورک اور دیگر نجی ٹی وی چینلز نے معیاری اور ناظرین کی دل چسپی اور پسند کے مطابق ڈرامے پیش کیے اور اب کسی حد تک بھارتی ڈراموں کا سحر ٹوٹ چکا ہے۔ ایک مرتبہ پھر پاکستانی ٹی وی ڈرامے ناظرین کی توجہ کا مرکز بن گئے ہیں۔ پاکستانی ٹی وی ڈراموں کے فن کاروں نے فلم انڈسٹری کو بھی سہارا دیا۔ آج ہر نئی فلم میں ہیرو اور ہیروئن ٹی وی ڈراموں کے مقبول فن کار نظر آتے ہیں۔ جیو ٹی وی نے گزشتہ برس بھی ایک سے بڑھ ایک یادگار اور معیاری ڈرامے پیش کیے، جسے ناظرین نے پسندیدگی کی سند سے نوازا۔ سب سے زیادہ مقبولیت جیو ٹی وی اور سیونتھ اسکائی کی کام یاب پیش کش ’’خانی‘‘ اور ’’رومیو ویڈز ہیر‘‘ کو حاصل ہوئی۔ ’’خانی‘‘ کے اختتام کے فوراً بعد ہی ’’رومیو ویڈز ہیر‘‘ اور اب بھی رومیو اور ہیر کے جلوے جیو اسکرین پر دیکھے جا رہے ہیں کہ مایہ ناز پروڈیوسر عبداللہ کادوانی اور اسد قریشی نے ایک شاہ کار ڈراما جیو کی اسکرین پر ’’دل کیا کرے‘‘ کے نام سے سجا دیا۔ ’’دل کیا کرے‘‘ کی ابتدائی اقساط نے ناظرین کو اپنی گرفت میں لے لیا۔ جیو ٹی وی کی اسکرین پر ایک جانب ثناء جاوید اور فیروز خان کی جوڑی ’’رومیو ویڈز ہیر‘‘ میں رنگ بکھیر رہی ہے، تو دوسری جانب فیروز خان، ٹیلی ویژن اسکرین کی جانی مانی اداکارہ یمنیٰ زیدی کے ساتھ ہدایت کارہ مہرین جبار اور پروڈیوسر عبداللہ کادوانی اور اسد قریشی کے نئے ڈرامے ’’دل کیا کرے‘‘ میں ایمن اور ارمان کے کردار میں بے حد پسند کیے جا رہے ہیں۔ اس طرح فیروز خان کے کام یاب ڈراموں کی ہیٹ ٹرک مکمل ہو گئی ہے۔ آج کل قسمت کی دیوی فیروز خان پر مہربان ہے۔ ’’دل کیا کرے‘‘ کی مصنفہ وہی اسما نبیل ہیں، جو اس سے قبل ’’خانی‘‘ جیسی میگا سیریل لکھ چکی ہیں۔ ڈرامے کی ڈائریکٹر مہرین جبار کے کارناموں سے کون واقف نہیں ہے۔ انہوں نے جب سے شوبزنس میں قدم رکھا ہے، نت نئے اور منفرد کام کیے ہیں۔ بھارتی سپراسٹار نندیتا داس کو پاکستانی فلم ’’رام چند پاکستانی‘‘ میں بہ طور ہیروئن کاسٹ کیا۔ اس فلم کو بین الاقوامی سطح پر غیرمعمولی پزیرائی حاصل ہوئی،جب جیو نے ترنگ کے ساتھ مل کر پاکستانی سپر ہٹ فلموں کو ری میک کرنے کا سلسلہ شروع کیا، تو انہوں نے ’’دل میرا دھڑکن تیری‘‘ کی ڈائریکشن دی۔ مہرین جبار کے مقبول ڈراموں میں بیوٹی پارلر، پتلی گھر، مالامال، دام، متاع جان ہے تو، میرا نام یوسف ہے اور ٹیلی فلمز واپسی، ڈینو کی دلہنیا اور ہم چلے آئے، سمیت دیگر شامل ہیں۔ مہرین جبار کی ڈائریکشن میں اب ’’دل کیا کرے‘‘ کی ابتدائی اقساط نے دُھوم مچا دی ہے۔ ڈرامے میں فیروز خان اور یمنیٰ زیدی کے علاوہ سرمد کھوسٹ، مریم نفیس، منزہ وقاص، ضیاء گورچانی، مرینہ خان، شمیم ہلالی، مرزا زین بیگ، عابد علی، تنویر جمال اور سونیا رحمان بھی مختلف کرداروں میں حقیقت کا رنگ بھر رہے ہیں۔ ’’دل کیا کرے‘‘ میں انسانی رشتے کُھلی فضا میں سانس لیتے دکھائی دے رہے ہیں۔ ڈرامے کی ہیروئن یمنیٰ زیدی( ایمن) بیرون ملک رہتے ہوئے بھی اپنے وطن سے سچا پیار کرتی ہیں۔ اسے وطن کی مٹی کی خُوشبو بار بار پاکستان کھینچ لاتی ہے۔ فیروز خان (ارمان) کو یمنیٰ زیدی (ایمن) سے بچپن سے محبت ہوتی ہے۔ ان دونوں کا بچپن حسین یادوں سے سجا ہوتا ہے۔ ان دونوں کی محبت میں کچھ مشکلات بھی سامنے آئیں گی، مرزا زین بیگ، فیروز اور یمنیٰ زیدی کے لیے کیا کیا رکاوٹیں ڈالتے ہیں، یہ کہنا قبل از وقت ہو گا، جو ہم آئندہ قسطوں میں دیکھیں گے۔ ڈرامے کی قابل اور باصلاحیت ہدایت کارہ مہرین جبار نے ایک، ایک فن کار سے جم کر اداکاری کروائی ہے۔ مہرین کی اس ڈرامے کے ذریعے کافی عرصے بعد واپسی ہوئی ہے۔ ’’دل کیا کرے‘‘ کی ہر قسط میں ناظرین کے دلوں کی دھڑکنوں میں اضافہ ہو گا۔ ڈرامے کی ایک، ایک قسط ناظرین کی بھرپور دل چسپی سے بھری ہو گی۔ روٹھنے منانے کی کیفیات، فیملی ڈراما، تجسس، رشتوں کی طاقت، وطن سے محبت، مٹی سے عشق، رسم و رواج سے بغاوت، یہ سب رنگ دیکھنے کو ملیں گے۔ ’’دل کیا کرے‘‘ جیو ٹی وی پر پیر کی شب پرائم ٹائم8بجے شب پیش کیا جاتا ہے۔ ڈرامے کے پروڈیوسر عبداللہ کادوانی نے7thاسکائی انٹرٹینمنٹ کے تحت ناظرین کے لیے ہمیشہ اعلیٰ معیار کے تفریحی ڈرامے پیش کیے ہیں اور ان کا بھرپور ساتھ دے رہے ہیں، اسد قریشی۔ عبداللہ کادوانی کا کہنا ہے کہ ’’دل کیا کرے‘‘ کے مرکزی کرداروں میں فیروز خان، یمنیٰ زیدی، مرزا زین بیگ اور مریم نفیس شامل ہیں۔

ڈرامے کی کہانی ان کرداروں کے گرد گھومتی ہے۔ ڈرامے میں فیروز، یمنیٰ اور زین بیگ کا ٹرائی اینگل لو دکھایا گیا ہے اور ساتھ ہی ڈرامے میں ایسے مسائل کی بھرپور عکاسی کی گئی ہے، جن کی وجہ سے معاشرتی ناہمواریاں جنم لیتی ہیں۔ ہم نے ہمیشہ ناظرین کے لیے معیاری کھیل پیش کیے ہیں اور آئندہ بھی یہ سلسلہ جاری رہے گا۔ ڈرامے کے ہیرو فیروز خان کا کہنا ہے کہ ’’خانی‘‘ اور ’’رومیو ویڈز ہیر‘‘ کی غیرمعمولی مقبولیت کے بعد ’’دل کیا کرے‘‘ میں کام کرنا میرے لیے کسی چیلنج سے کم نہیں تھا۔ ہدایت کارہ مہرین جبار اور ہماری پُوری ٹیم نے ڈرامے کی کام یابی کے لیے بہت محنت کی ہے۔ ’’دل کیا کرے‘‘ میں ناطرین میرے ساتھ یمنیٰ زیدی کو دیکھ رہے ہیں۔ میری پُوری کوشش ہوتی ہے کہ مجھے ڈائریکٹر کی جانب سے جو بھی کردار ملے، اس کردار کے ساتھ بھرپور انصاف کروں۔ مجھے امید ہے ’’خانی‘‘ اور ’’رومیو ویڈز ہیر‘‘ کی طرح ’’دل کیا کرے‘‘ بھی جیو کے ناظرین کے دل جیت لے گا۔معروف ڈراما نگار اسما نبیل نے جنگ سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ ’’گزشتہ برس میں نے زبردست کام یابی حاصل کی۔ میری لکھی ہوئی فلم ’’مان جائو ناں‘‘ کو فلم بینوں نے پسند کیا اور پھر ٹی وی اسکرین ’’خانی‘‘ ڈرامے نے طوفان برپا کردیا۔ ڈراما ’’خانی‘‘ میرے لیے اب ٹریڈ مارک بن چکا ہے۔ مجھے ابھی تک خانی کی غیرمعمولی کام یابی پر دنیا کے مختلف ممالک سے رسپانس مل رہا ہے۔ میں نے ٹی وی ڈراموں کے ساتھ فلمیں لکھنے کا سلسلہ بھی شروع کیا ہوا ہے۔ 2019ء میں میری لکھی ہوئی فلم ’’سوری‘‘ سنیما گھروں کی زینت بنے گی، جس میں فیصل قریشی اور آمنہ شیخ مرکزی کردار ادا کررہے ہیں۔

جیو کے کامیاب ڈراموں کی ہیٹ ٹرک
فیروز خان اوریمنیٰ زیدی

میں نے اپنے ٹی وی ناظرین کو نئے سال کا تحفہ ’’دل کیا کرے‘‘ کی صورت میں دے دیا ہے۔ سیونتھ اسکائی انٹرٹینمنٹ کے ساتھ میری کیمسٹری بہت ملتی ہے۔ ہم نے نئے فن کاروں کے ساتھ کام کیا اور ہمیں زبردست کام یابی حاصل ہوئی۔ ’’دل کیا کرے‘‘ میں رومانس کو فوکس کیا گیا ہے۔ اس کی کہانی میرے گزشتہ ڈراموں سے بالکل مختلف ہے۔ ڈرامے کی ہیروئن یمنیٰ زیدی ورسٹائل فن کارہ ہیں۔ میں نے ڈرامے کی شوٹنگ کے موقعے پر انہیں اپنے کردار میں جان ڈالنے کے لیے بہت محنت کرتے ہوئے دیکھا ہے۔ یہ سب ٹیم ورک ہے، سب مل کے کام کرتے ہیں، تو غیر معمولی کام یابی ملتی ہے۔‘‘ ٹیلی ویژن میں راج کرنے والی مقبول فن کارہ یمنیٰ زیدی کو کون نہیں جانتا، انہوں نے پکار، پنجرہ، پارس، جگنجو، آپ کی کنیز، مداوا، موسم، سنّاٹا، رشتے کچھ ادھورے سے، میری دلاری اور تھکن نامی ڈراموں میں جم کر اداکاری کر کے ناظرین کی بھرپور توجّہ حاصل کی۔ ٹی وی ڈراموں میں انہیں اداکار زاہد احمد، نعمان اعجاز اور سمیع خان کے ساتھ بھی بے حد پسند کیا گیا اور اب وہ اداکار فیروز خان کے ساتھ ’’دل کیا کرے‘‘ میں اپنی فن کارانہ صلاحیتوں کا جادو جگارہی ہے۔ ڈرامے کی ابتدائی اقساط میں یمنیٰ زیدی نے ایمن کے روپ میں شان دار اور حقیقت سے قریب تر پرفارمنس دی ہے۔ یمنیٰ کا کہنا ہے کہ ’’ہمارے ٹی وی ڈرامے نہ صرف پاکستان بلکہ دنیا بھر میں کام یابی حاصل کررہے ہیں۔ ہدایت کارہ مہرین جبار کی ڈائریکشن میں کام کرکے بہت اچھا لگا۔‘‘ دل کیا کرے، کا ٹائٹل سونگ مصطفیٰ زاہد نے گایا ہے، جو اس سے قبل بھارتی فلموں کے لیے بھی کئی گیت گاچکے ہیں۔ سیونتھ اسکائی اور ’’جیو‘‘ کی فخریہ پیش کش ’’دل کیا کرے‘‘ سے فن کاروں اور ناظرین کو بڑی امیدیں وابستہ ہیں۔ توقع کی جارہی کہ یہ بھی ’’خانی‘‘ کی طرح غیرمعمولی مقبولیت حاصل کرے گا۔

تازہ ترین
تازہ ترین