• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاکستان کی تاریخ میں پہلی بار نادرن ایریاز میں فٹ بال کے میچز کا آغاز کردیا گیا ہے۔لیژر لیگز کے زیراہتمام ملک کے نادرن ایریاز ہنزہ، گلگت اور گیزرمیں بیک وقت ہفتہ وار لیگز شروع ہوگئی ۔ نادرن ایریاز میں اس بار توقع سے زیادہ برف باری ہورہی ہے، اس وقت موسم سرما کی شدید ترین ٹھنڈ اور برفباری کا سلسلہ جاری ہے۔ لیژر لیگس کے عہدیداروں نے اس موسم کو فٹ بال کے میچز کے انعقاد سے یادگار بنا دیا اور مقامی کھلاڑی برف سے ڈھکی ہوئی وادیوں میں فٹ بال کے مقابلوں سے پوری طرح محظوظ ہورہے ہیں۔ لیژر لیگز فٹ بال کے مقابلوں کے ساتھ ساتھ نادرن ایریاز کے کھلاڑیوں کو نہ صرف فٹبال کی سرگرمیوں کی جانب راغب کیا گیا ہے بلکہ ان کھلاڑیوں کو لیژرلیگز نیشنل چیمپئن شپ کھیلنے کا موقع بھی فراہم کردیا۔ چیمپئن شپ کی فاتح ٹیم کو آئی ایس ایف اے ورلڈ کپ میں بھی کھیلنے کا سنہری موقع بھی حاصل ہوگا۔ نادرن ایریاز کے کھلاڑیوں کو ماضی میں نظر انداز کی جاتا رہا ہے لیکن ٹرنک والا فیملی نے لیژر لیگز کے ذریعے برف پوش علاقوں میں رہنے والے باصلاحیت کھلاڑیوں کو قومی اور بین الاقوامی کھیلوں کے دھارے میں شامل کرنے کا مکمل پروگرام ترتیب دیا ہے۔ آرگنائزرز کی اس کاوش کو نہ صرف مقامی بلکہ ملکی سطح پر سراہا جارہا ہے۔ نادرن ایریاز کے ہنزہ، گلگت اور گیزرمیں 8,8ٹیموں کی لیگز کا انعقاد کیا گیا ہے۔ لیگز میں ہر ٹیم اپنے گروپ میں 14,14میچز کھیلے گی جو ہفتہ وار ہوں گے۔ یہ مقابلے ساڑھے تین ماہ جاری رہیں گے اور اس دوران تمام کھلاڑی نہ صرف ان مقابلوں سے محظوظ ہونگے بلکہ ان کی ہر ممکن کوشش ہوگی کہ پہلے وہ نیشنل چمپئن شپ میں اپنی جگہ مستحکم کریں اور پھر ورلڈ کپ کی دوڑ میں شامل ہوکر فاتح کی حیثیت سے اکتوبر 2019میں یونان کا ٹکٹ حاصل کریں۔ لیژر لیگس کے سی او او سید اسحق شاہ نے کہا ہے کہ دنیا میں سب سے زیادہ کھیلے جانے والے فٹبال کھیل کو تمام کھیلوں پر مکمل برتری حاصل ہے جو فیفا سے الحاق رکھنے والے 207ملکوں میں یکساں مقبول ہے اور دنیا کے ہر حصہ میں انتہائی زوق و شوق سے کھیلا جاتا ہے۔ کوشش کی جارہی ہے ملک ہر ہر شہر، قصبوں گائوں میں اس کھیل کو نوجوانوں کی پہنچ میں لایا جارہا ہے۔ انشاء اﷲ وہ دن دور نہیں جب چیئرمین ورلڈ گروپ محمود ٹرنک والا کی یہ خواہش کہ فٹ بال کو پاکستان کا مقبول ترین کھیل بنایا جائے، جلد مکمل ہوجائے گا۔ پاکستان کے نوجوانوں کو فٹبال کا انفرااسٹرکچر بنا کر دے رہے ہیں جہاں انہیں فٹبال کھیل کی وہ تمام جدید سہولتیں حاصل ہورہی ہے جو دنیا کے کسی اور ملک میں فٹبالرز کو حاصل ہوتی ہیں۔ لیژرلیگس جلد پاکستان میں فٹبال کھیل کی تقدیر بدل دے گا اور اس کے مثبت نتائج برامد ہوں گے اور دنیا بھر میں پاکستان کا شمارفٹبال کھیل میں تیزی سے ترقی حاصل کرنے والے ممالک میں ہونے لگے گا۔

تازہ ترین
تازہ ترین