• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ملک کے بالائی علاقوں میں وقفے وقفے سے برف باری اور بارش کا سلسلہ جاری ہے، تفریحی مقام ناران میں 6فٹ، شوگران میں ساڑھے 4فٹ ، کاغان میں چار فٹ اور مری میں ایک فٹ تک برف پڑی ہے۔

نتھیا گلی سمیت گلیات کے اکثر علاقوں میں 2فٹ تک برف باری ہوئی، برفیلے نظاروں نے جہاں ہر منظر کو حسین تر بنا دیا وہیں مقامی افراد اور سیاحوں کے لیے مشکلات بھی پیدا ہوگئی ہیں۔


سوات کے بالائی علاقوں مالم جبہ، کالام اور میاندم میں وقفے وقفے سے برف باری سےکئی مقامات پر رابطہ سڑکیں بند ہو گئی ہیں، لوئر اور اپر دیر کے بالائی مقامات پر برف باری اور بارش جاری ہے۔

گلیات میں برف باری کا سلسلہ تیسرے روز بھی جاری ہے، بالائی گلیات کی تمام چھوٹی بڑی رابطہ سڑکیں برف باری کے باعث بند ہیں۔

اپر ہزارہ ڈویژن میں برف باری اور بارش کا سلسلہ بدستور جاری ہے، برف باری اور لینڈ سلائیڈنگ سے شاہراہِ قراقرم کوہستان سمیت متعدد مقامات پر بند ہے۔

صوابی کے بالائی علاقوں میں بھی برف باری ہو رہی ہے، بنوں، ڈی آئی خان سمیت خیبرپختون خوا کے مختلف علاقوں میں کہیں دھند اور کہیں ہلکی بارش سے موسم شدید سرد ہو گیا ہے۔

گلگت بلتستان میں استور، دیامر، ہنزہ، نگر، غذر، اسکردو، چلاس سمیت مختلف مقامات پر وقفے وقفے سے برف باری نے لوگوں کو گھروں تک محدود کر دیا ہے۔

برف باری کی وجہ سے وادی لیپہ کا زمینی رابطہ کئی روز سے منقطع ہونے کی وجہ سے کھانے پینے کی اشیاء کی قلت ہوگئی ہے۔

وادی نیلم، وادی گریز، شاردہ اور اٹھمقام سمیت آزاد کشمیر کے کئی علاقوں میں برف باری جاری ہے۔

مری میں بھی گزشتہ دو روز سے کبھی ہلکی اور کبھی تیز برف باری ہو رہی ہے، پنجاب کے مختلف شہروں میں بارش سے سردی بڑھ گئی ہے جبکہ کئی شہروں میں دھند چھائی رہی۔

بلوچستان کے بالائی علاقوں میں بھی برف باری اور بارش تھمنے کے بعد خون جما دینے والی سردی ہے، سندھ میں ٹنڈوالہٰ یار، گھوٹکی، خیر پور، سکھر، نوشہرو فیروز میں دھند سے حدنگاہ متاثر رہی۔

تازہ ترین