• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

مغربی میڈیا سی پیک پر پروپیگنڈا کر رہا ہے، چینی سفیر

پاکستان میں چین کے سفیر یاؤ جینگ نے کہا ہے کہ پاکستان میں سی پیک کے تحت 22 پراجیکٹس پر کام جاری ہے، بدقسمتی سے مغربی میڈیا سی پیک سےمتعلق پروپیگنڈا کر رہا ہے۔

چینی سفیر نے ایریا اسٹڈی سینٹر یونیورسٹی آف پشاور کا دورہ کیا، اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بعض لوگوں کی نظر میں سی پیک پاکستان کو کنٹرول کرنے کا ماڈل ہے،چین کی خارجہ پالیسی کسی ملک کو کنٹرول کرنے کی نہیں،پاکستانی عوام کو کم از کم چین کو سمجھنا ہوگا۔

یاؤ جینگ کا کہنا تھا کہ گوادر پورٹ کا انتظام سنبھالنے کے لیے پہلے پاکستان کی جانب سے کہا گیا، سی پیک میں کم ترقی یافتہ علاقوں پر زیادہ توجہ دی جائے گی،ہم پاکستان کو معاشی طور پر ایک مضبوط ملک دیکھنا چاہتے ہیں، پاکستان میں مشترکا منصوبوں پر توجہ دی جا رہی ہے۔

چینی سفیر نے کہا کہ اُن کا ملک پرامن اور مستحکم افغانستان کے حق میں ہے، افغانستان اور چین کے درمیان دوستانہ تعلقات ہیں، سیکیورٹی صورتحال کے باعث افغانستان میں زیادہ کام نہیں کرسکتے، 40 سال سے افغانستان کے لوگ تکلیف میں ہیں، امن ان کاحق ہے۔

افغانستان امن سے متعلق پاکستان کے کردار کو سراہتے ہوئے چینی سفیرکا کہنا تھا کہ افغانستان کے عوام کو خود اپنے مستقبل کا فیصلہ کرنا ہوگا، افغانستان میں امن کےلیے کسی بھی اقدام اور تمام اسٹیک ہولڈرز کو سپورٹ کریں گے۔

تازہ ترین