• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

منی بجٹ میں تمام امور پر مل کر چلیں گے، شہباز شریف

شہباز شریف نے چیئرمین پی اے سی کی تقرری خلاف درخواست مسترد ہونے پر اظہار اطمینان کا اظہار کیا ہے، اپوزیشن رہنماؤں کے اجلاس میں کہا کہ منی بجٹ میں تمام امور پر مل کر چلیں گے۔ خورشید شاہ نے کہاکہ حکومت چھ ماہ میں تیسرا بجٹ لارہی ہے۔

شہباز شریف کوچیئرمین پبلک اکاؤنٹس کمیٹی بنانے کے خلاف درخواست خارج کردی گئی،اسلام آباد ہائیکورٹ کے چیف جسٹس اطہر من اللہ نے فیصلہ سنادیا۔

شہباز شریف نے فیصلے پر عدالت کا شکریہ ادا کیا۔

چیئرمین پبلک اکاؤنٹس کمیٹی شہباز شریف نے کہا کہ آج کے اجلاس میں ایک بار پھر متفقہ فیصلے کرنے پر اتفاق ہوا ہے،منی بجٹ میں تمام امور پر مل کر چلیں گے۔

رہنما پی پی خورشید شاہ کا کہنا تھا کہ حکومت 6 ماہ میں تیسرا بجٹ لا رہی ہے، اپوزیشن بجٹ سے متعلق اپنے تحفظات اور سوالات ضرور کرے گی، اسپیکر نے احتجاج نہ کرنے سے متعلق کوئی اپیل نہیں کی۔

انہوں نے کہا کہ حکومت ملکوں ملکوں بھیک مانگ رہی ہے،بچپن میں سنتے تھے ہمیں کچھ دو ،ہمارا بھی بھلا کرو اور اپنا بھی ۔تحریک انصاف کی حکومت اس حوالے سے ریکارڈ قائم کررہی ہے۔

خورشید شاہ کا کہنا تھا کہ اپوزیشن کی مشترکہ کمیٹی کا اجلاس کل ہوگا۔

نوید قمر نے کہا کہ آئینی طور پر عدالتوں کو پارلیمنٹ کے معاملات میں مداخلت نہیں کرنی چاہیے،آئین میں اداروں کے کام کرنے کا طریقہ کار موجود ہے جس پر عمل لازمی ہے۔

تازہ ترین