• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

دوسرا ون ڈے، فیلکوایو کی فتح گر کارکردگی، پاکستان ناک آئوٹ، چار وکٹ لئے،نصف سنچر بنائی


ڈربن ( جنگ نیوز) جنوبی افریقا نے دوسرےون ڈے میں پانچ وکٹ کی فتح کے ساتھ پاکستان کیخلاف سیریز برابر کردی۔ اینڈائل فیلکوایو نے آل رائونڈ کارکردگی پیش کرتے ہوئے گرین کیپس کو ناک آئوٹ کردیا، انہوں نے چار وکٹ لیے اور میچ وننگ ففٹی بھی اسکور کی، وان ڈر دسان نے ان کا بھرپور ساتھ دیا۔ پاکستانی بولرز نے پروٹیز کے پانچ وکٹ 80 رنز پر حاصل کرلیے تھے، شاہین آفریدی نے تین اور شاداب خان نے دو وکٹ لیے اس کے بعد فیلکوایو اور دسان ڈٹ گئے۔ فیلکوایو نے 69 اور دسان نے 80 رنز بنائے۔ ہاشم آملا 8، ریزا ہینڈرکس 5، کپتان ڈوپلیسی 8، ڈیوڈ ملر 31 اور ہینرک کلاس کوئی رن نہ بناسکے۔ قبل ازیں تجربہ کار بیٹسمینوں کے ہتھیار ڈالنے کے بعد فاسٹ بولر حسن علی کی ذمے دارانہ اننگز نے دوسرے ون ڈے میں جنوبی افریقا کے خلاف پاکستان کوفائٹنگ اسکور تک پہچانے میں اہم کردار ادا کیا۔ حسن علی 112 رنز پر آٹھ کھلاڑیوں کے آؤٹ ہونے کے بعد کریز پر آئے اور 45 گیندوں پر تین چھکوں اور پانچ چوکوں کی مدد سے 59 رنز بنا کر پاکستان کے اسکور کو مستحکم کرنے میں کامیاب رہے۔ پاکستان نے 203رنز بنائے، جنوبی افریقا کے کپتان فاف ڈوپلیسی نے ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا جس کا ان کے بولرز نے بھر پور فائدہ اٹھایا،پاکستان کی پوری ٹیم 46 ویں اوور میں آؤٹ ہو گئی۔32 ویں اوور میں پاکستان کی 7 وکٹیں 112 رنز پر گرچکی تھیں اس موقع پر حسن علی اور سرفراز احمد نے نویں وکٹ کی شراکت میں 90 رنز کی شراکت قائم کی۔ امام الحق5، فخر زمان26، بابر اعظم 12،محمد حفیظ9،شعیب ملک21،شاداب خان18، حسین طلعت2،سرفراز احمد41، فہیم اشرف0 اور حسن علی59رنز بناکر آ وٹ ہوئے، جنوبی افریقا کی جانب سے انڈائل فیلکوایو نے 22 رنز دے کر 4 جب کہ تبریز شمسی نے 56 رنز دے کر 3 وکٹیں حاصل کیں۔ اس میچ میں پاکستان اور جنوبی افریقا نے اپنی ٹیموں نے دو دو تبدیلیاںکیں۔ جنوبی افریقا نے ڈیوائن پریٹورائس اور عمران طاہر کو آرام دے کر ان کی جگہ ڈین پیٹرسن اور تبریز شمسی کو موقع دیا جب کہ پاکستان نے عثمان شنواری اور عماد وسیم کی جگہ شاہین آفریدی اور حسین طلعت کو ٹیم میں شامل کیا ۔

تازہ ترین