کراچی (اسٹاف رپورٹر) انجمن اساتذہ جامعہ کراچی کی اپیل پر انتظامیہ کیخلاف جامعہ کراچی میں دوسرے روز بھی کلاسز کا بائیکاٹ جاری رہا۔ تدریسی سرگرمیاں مکمل طور پر معطل رہیں۔ انجمن اساتذہ جامعہ کراچی کی مجلس عاملہ نے تدریسی عمل کے بائیکاٹ کے دوسرے روز اپنے مطالبات کے ساتھ وائس چانسلر آفس جاکر وائس چانسلر سے ملاقات کی اور اساتذہ کے مطالبات ان کے سامنے پیش کرکے تفصیلی گفت و شنید کی۔ اس موقع پر کلیہ جاتی ڈینز بھی موجود تھے۔ اس موقع پر انجمن نے ترجمان جامعہ کراچی کی جانب سے بائیکاٹ کو میڈیا پر سیاسی قرار دینے پر شدید احتجاج کیا جس پر وائس چانسلر نے ترجمان سے باز پرس کا یقین دلایا۔