کراچی (اسد ابن حسن) نیب نے ڈائریکٹر جنرل راولپنڈی عرفان نعیم منگی کی سربراہی میں میگا منی لانڈرنگ اور جعلی بے نامی اکاؤنٹس میں 16ریفرنس دائر کرنے کے حوالے سے تیزی آگئی ہے اور آج (بدھ) کو ایف آئی اے جوائنٹ انوسٹی گیشن ٹیم کے سربراہ ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل احسان صادق اور ان کی 9ٹیموں کے سربراہوں کو تحقیقات کے حوالے سے بریفنگ کیلئے طلب کرلیا ہے۔ ان ٹیموں کے پاس مجموعی طور پر 35بے نامی اکاؤنٹس کی تفصیلات ہیں جوکہ 16ریفرنس تیار ہونگے۔ جن 12افسران کو طلب کیا گیا ہے ان میں چاروں صوبوں کے افسران شامل ہیں۔ ان افسران کو پیر اور منگل کو طلبی کے پیغامات بھجوائے گئے۔ طلب کیے جانے والے افسران میں اسسٹنٹ ڈائریکٹرز سراج پنہور، آفتاب بٹ، احسان ہانی باجوہ، رئیس باجوہ، جمیل احمد خان میو، امان اللہ، نعیم سندھو، انسپکٹرز اقبال، فضل اکبر اور امجد اور سب انسپکٹرز ظہور بچکانی اور منصور مہمند شامل ہیں۔ طلب کیے جانے والے اسسٹنٹ ڈائریکٹر محمد علی ابڑو کا نام شامل نہیں ہے جو اس میگا اسکینڈل کے سرخیل تھے اور جنہوں نے اس حوالے سے پہلا مقدمہ درج کیا جو عدالت میں زیرالتوا ہے اور جس میں آصف علی زرداری اور انکی ہمشیرہ فریال تالپور نے عبوری ضمانت قبل از گرفتاری کروا رکھی ہے۔ محمد علی ابڑو کے بجائے اس تحقیقات میں معاونت کرنے والے انسپکٹر اقبال اور سب انسپکٹر ظہور بچکانی، نیب ڈی جی کے سامنے پیش ہونگے۔