• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کرتارپور راہداری ‘ بھارت کا وفد پاکستان بھیجنے سے انکار، اسلام آباد اپنے نمائندے بھیجے، نئی دہلی

لاہور( خالد محمود خالد) بھارت نے کرتار پور راہداری کھولنے کے حوالے سے تمام معاملات طے کرنے کے لئے بھارتی وفد کو پاکستان بھیجنے کی پاکستانی دعوت ٹھکراتے ہوئے پاکستان کو کہا ہے کہ وہ معاملات فائنل کرنے کے لئے اپنا وفدنئی دہلی بھیجے ۔بھارتی دفتر خارجہ نے پاکستان کو لکھے گئے ایک خط میں پاکستان کوکہا ہے کہ وہ ایک ماہ بعد 26فروری یا 7مارچ کواپنا وفد نئی دہلی بھیجے۔ پاکستانی دفتر خارجہ کے ترجمان ڈاکٹر فیصل نے پیر کے روز کرتار پور راہداری کھولنے کا مسودہ بھارت کو بھیجتے ہوئے بھارت کو دعوت دی تھی کہ وہ اس کو آخری شکل دینے کے لئے جلد از جلد ایک وفد پاکستان بھیجے۔ بھارت نے اس خط کا جواب نہیں دیا جب کہ اپنے خط میں اس نے 22نومبر 2018 کو نئی دہلی میں لئے جانے والے فیصلوں کی روشنی میں پاکستان کو کہا ہے کہ وہ نئی دہلی آئے اور راہداری کے حوالے سے زیر التومعاملات کو فائنل کرے۔ پاکستانی دفتر خارجہ کے ترجمان ڈاکٹر فیصل سے جب اس سلسلے میں بات کی گئی تو انہوں نے واضح کیا کہ بین الاقوامی سفارتی قوانین کے مطابق کسی معاملے کو حل کرنے کے لئے جو ملک پہلے دعوت دیتا ہے دوسرا ملک اس کو ماننے کا پابند ہوتا ہے۔ایک بھارتی تجزیہ کار نے اس صورتحال پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھارت کی طرف سے معاملے کو طول دینے کے حربے استعمال کئے جارہے ہیں۔
تازہ ترین