کراچی، اسلام آباد، راولپنڈی، مری ،مظفرآباد، پشاور،لاہور،ایبٹ آباد،چترال،قلات (اسٹاف رپورٹر،نمائندگان جنگ،خبرایجنسیاں ) بارش وبرفباری سے حادثات میں ماں بیٹوں سمیت 8جاں بحق اور 26زخمی ہوگئے،کراچی میںدرجہ حرارت 9تک گرنے کا امکان،کوئٹہ میں درجہ حرارت منفی 5ہوگیا، قلات میں نظام زندگی مفلوج ، لوگ گھروں میں محصور،مظفر آباد میں مہاجرکیمپ زیر آب آگئے،وادی نیلم میں برفانی تودے گرنے سے مکانات دب گئے،آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران مزیدبارش کی پیش گوئی کی گئی ہے۔تفصیلات کےمطابق محکمہ موسمیات کاکہنا ہےکہ آئندہ24گھنٹوں کے دوران مالاکنڈ، ہزارہ ڈویژن،کشمیر اور گلگت بلتستان میں کہیں کہیں جبکہ راولپنڈی، گوجرانوالہ، لاہور، مردان، کوہاٹ، پشاورڈویژن اور اسلام آباد میں چند مقامات پرگرج چمک کیساتھ مزید بارش کا امکان ہےجبکہ ملک کے دیگرعلاقوں میں موسم سرد اور خشک رہے گا، پنجاب کے میدانی علاقوں میں صبح کے اوقات میں دھند کا امکان ہے، اس دوران مالاکنڈ ڈویژن، ہزارہ ڈویژن، مری، گلیات، گلگت بلتستان اور کشمیر میں مزید برفباری کی بھی توقع ہے، گزشتہ روز ملک کے اکثر مقامات پر بارش اور پہاڑوں پر برفباری ہوئی، سب سے زیادہ بارش راولپنڈی میں 54سلام آباد میں 45مری 30سیالکوٹ 25چکوال 19منگلا 24کوٹلی 20رالاکوٹ 21ملی میٹر بارش ہوئی جبکہ کالام میں 25، مالم جبہ 23، مری 14، استور 05، دیر، بگروٹ، ہنزہ میں ایک انچ برفباری ہوئی، گزشتہ روز قلات میں درجہ حرارت منفی 9سکردو، کالام منفی 4مالم جبہ میں منفی 3 ڈگری سنٹی گریڈ رہا،دوسری جانب شدیدبارش سے مظفر آباد میں مہاجرکیمپ زیر آب آگئے ، چہلہ بانڈی میں سینکڑوں مہاجرین خاندان کھلے آسمان تلے زندگی گزارنے پر مجبور ہیں جبکہ محکمہ بحالیات مہاجرین کو ایمرجنسی ٹینٹ فراہم کرنے میں ناکام ہے۔